عوام اور ہیلتھ سٹاف کو ہرممکن امداد فراہم کریں گے، جلال الدین رومی
ملتان (نمائندہ خصوصی) چیئرمین ڈرائی پورٹ ٹرسٹ ملتان، سابق صدر ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خواجہ جلال الدین رومی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف ہمارے ہیروز ہیں۔ مشکل وقت میں جب تمام لوگ کورونا کے خوف سے گھروں میں قید ہیں یہ ڈاکٹرز اور ہیلتھ سٹاف اپنی جان ہتھیلی پر(بقیہ نمبر40صفحہ6پر)
رکھ کر ڈیوٹیاں سر انجام دے رہے ہیں اور کورونا کیخلاف جاری جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اسی لئے دنیا ان کو سلام پیش کر رہی ہے۔ نشتر ہسپتال ملتان کے مسیحاؤں نے وبائی صورتحال میں جو خدمت خلق کی روشن مثال پیش کی ہے ملتان کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا اور صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ملتان پروفیسر ڈاکٹر مسعود الرؤف ہراج کو چین سے درآمد شدہ حفاظتی سامان فراہم کرتے ہوئے کیا ہے۔ خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ محمود گروپ آف کمپنیز نے ماضی کی طرح آج بھی مشکل کی اس گھڑی میں اپنی شاندار روایات کو قائم رکھا ہے اور فرنٹ لائنرز کیلئے حفاظتی سامان مہیا کیا ہے جبکہ آنے والے دنوں میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے علاوہ نچلے عملے کی حوصلہ افزائی کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں کہا کہ تاریخ کے اس نازک ترین دور میں ہم اپنے عوام اور ہیلتھ سٹاف کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ اس موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے نشتر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مصطفے کمال پاشا نے کہا کہ محمود گروپ آف کمپنیز نے ھمشیہ مشکل لمحات میں ھمارا ھاتھ تھاما ھے۔ ھمیں اس گروپ کے فلاحی کاموں پر فخر ھے جو ھمیں بغیر کہے بہت کچھ عطیہ کر دیتے ھیں۔ انھوں نے کہا خواجہ جلال الدین رومی نشتر یونیورسٹی و ہسپتال کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ھیں اس لئے وہ ھمشیہ وقت سے پہلے ھماری ضرورت پوری کر دیتے ھیں۔ وائس چانسلر ڈاکٹر مصطفے کمال پاشا اور پی ایم اے کے صدر ڈاکٹر پروفیسر مسعود الروف ھراج نے نشتر ھسپتال کے ڈاکٹرز کے لئے چین سے منگوائی گئی 200 جدید ترین حفاظتی کٹس اور 100 کٹس پیرا میڈیکل سٹاف کے لئے منگوانے پر معروف صنعتکار خواجہ جلال الدین رومی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے نشتر ہسپتال میں کورونا کے خلاف لڑنے والوں کے نہ صرف حوصلے بلند ہوں گے بلکہ ان کو یہ احسا س بھی رہے گا کہ اس شہر کے لوگ کورونا کی جنگ میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اس موقع پر خواجہ جلال الدین رومی کی جانب سے نچلے عملے کے لئے راشن بھی فراہم کیا گیا جس پر عملے نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں ان کی جانب سے ملازمین کے کئے راشن کسی تحفے سے کم نہیں ہے۔