ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر اکرام اللہ کورونا کو شکست دیکر صحتیاب
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت کے ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر اکرام اللہ کورونا کو شکست دے کر صحت یاب ہو گئے۔ دو ہفتے قبل ان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد وہ گھر پر ہی آئسولیٹ ہوگئے تھے۔ گزشتہ روز ڈاکٹر اکرام اللہ کا دوسرا کورونا ٹیسٹ کیا گیا جو کہ منفی آیا۔ ڈاکٹر اکرام اللہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وہ خوش ہیں اور اللہ تعالیٰ سے سب کی خیریت کے لیے دعاگو ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد خود کو گھر پر ہی آئسولیٹ رکھا۔ اس دوران وہ کسی پریشانی کا شکار نہیں ہوئے اور نہ خود پر کوئی خوف طاری ہونے دیا۔ ڈاکٹر اکرام اللہ کا کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر اکرام محنتی آفیسر اور اپنے کام کے ماہر ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر اکرام جلد اپنے فرائض سنبھال لیں گے۔ تیمور جھگڑا نے مزید کہا کہ حکومت ہیلتھ ورکرز کی حفاظت کو یقینی بنا رہی ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ عوام گھروں میں رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ہم سب نے مل کر کورونا کا مقابلہ کرنا ہے اور اسے شکست دینی ہے۔