سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کو بھی واپس لانے کا فیصلہ، ہر ہفتے کتنی پروازیں آپریٹ ہوں گی ؟ خبرآگئی

سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کو بھی واپس لانے کا فیصلہ، ہر ہفتے کتنی ...
سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کو بھی واپس لانے کا فیصلہ، ہر ہفتے کتنی پروازیں آپریٹ ہوں گی ؟ خبرآگئی

  

ریاض (وقار نسیم وامق+محمد اکرم اسد) وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے لئے ہفتہ وار دو فلائٹس چلائی جائیں گی تاکہ ہم وطنوں کو وطن واپس لایا جاسکے، ذوالفقار بخاری سعودی عرب میں کیمونٹی ممبران سے آن لائن کانفرنس کر رہے تھے.

سمندر پار پاکستانیوں کے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری نے کورونا وائرس کے بعد تبدیل ہوتی صورتحال اور دیار غیر میں پاکستانیوں کو درپیش مسائل کو سننے کے لئے آن لائن کانفرنس کے ذریعے کیمونٹی ممبران سمیت سفارت خانہ پاکستان اور قونصلیٹ کے افسران کے ہمراہ آن لائن کانفرنس کی جس میں ذوالفقار بخاری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں پندرہ ہزار کے قریب ورکرز کی نوکریاں ختم ہوئی ہیں جبکہ وزٹ ویزا پر سعودی عرب میں چار ہزار کے قریب افراد موجود ہیں جو فلائٹس کی بندش کے باعث واپس نہیں جاسکے، ان تمام افراد کی واپسی کے لئے ہفتہ وار دو فلائٹس چلائی جائین گی جن کی تعداد کو بڑھایا بھی جاسکتا ہے، ان تمام فلائٹس میں سعودی عرب میں مرنے والوں کی میتوں کو بھی پاکستان بھیجا جائے گا، ہماری کوشش ہے کہ اقامہ ہولڈرز کی وطن واپسی کو بھی جلد ممکن بنایا جاسکے،

وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ انہوں نے سعودی وزارت افرادی قوت کے وزیر سے بات کرکے ورکرز کی تنخواہوں اور ان کے بقایاجات کی ادائیگی کے لئے کہا ہے جس پر سعودی وزیر نے انہیں یقین دہانی کروائی ہے کہ ورکرز کو ان کی مراعات کے ساتھ روانہ کیا جائے گا، ہم ایسے تمام بے روزگار ہونے والے ورکرز اور فیملیز کا ڈیٹا اکٹھا کر رہے ہیں تاکہ ان کو سفارت خانہ پاکستان کے ذریعے راشن پہنچایا جاسکے.

اس موقع پر پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز اور قونصل جنرل خالد مجید کا کہنا تھا کہ ہم کیمونٹی ممبران کے ساتھ ملکر ضرورت مندوں کی مدد کر رہے ہیں جن میں جہاں مخیر حضرات بھرپور حصہ لے رہے ہیں وہیں پر پاکستانی ڈاکٹرز بھی ہم وطنوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کر رہے ہیں.

مزید :

عرب دنیا -