گوشت کھانے کا انتہائی حیران کن فائدہ تازہ تحقیق میں سامنے آگیا

گوشت کھانے کا انتہائی حیران کن فائدہ تازہ تحقیق میں سامنے آگیا
گوشت کھانے کا انتہائی حیران کن فائدہ تازہ تحقیق میں سامنے آگیا

  

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) سبزی خوری کے حوالے سے اب تک سینکڑوں تحقیقات ہو چکی ہیں اور بتایا جا چکا ہے کہ اس کے بے شمار طبی فوائد ہیں تاہم اکثر لوگ سبزی خوری کو ’صرف سبزی خوری‘ سمجھ لیتے ہیں اور ان فوائد سے محروم ہو جاتے ہیں جو انہیں صرف گوشت سے مل سکتے ہیں۔ اب امریکی ماہرین نے ’صرف سبزی خوری‘ کے کچھ ایسے سنگین نقصانات بتا دیئے ہیں کہ سن کر سبزی خور گوشت کو بھی اپنی خوراک کا لازمی حصہ بنا لیں گے۔ میل آن لائن کے مطابق ماہرین نے بتایا ہے کہ سبزی خوری انسان کو ڈپریشن کے عارضے میں مبتلا کرتی ہے جو سنگین صورت اختیار کرنے پر خودکشی جیسے انتہائی بھیانک انجام پر بھی منتج ہو سکتا ہے۔ اس کے برعکس جو لوگ گوشت کو بھی اپنی خوارک کا حصہ بناتے ہیں ان کی ذہنی صحت بہت بہتر رہتی ہے۔

یونیورسٹی آف الباما کے سائنسدانوں نے اس تحقیق میں 1لاکھ 60ہزاروں لوگوں کی غذائی عادات کی نگرانی کی اور اس کے ان کی صحت پر اثرات کا معائنہ کرکے نتائج مرتب کیے، جن میں انکشاف ہوا کہ اس تحقیق میں شامل ہر تین سبزی خوروں میں سے ایک ڈپریشن کا مریض تھا۔اس کے علاوہ ناقص ذہنی صحت کی وجہ سے سبزی خور افراد میں اپنے آپ کو نقصان پہنچانے کا رجحان بھی گوشت خوروں کی نسبت کئی گنا زیادہ پایا گیا۔ اس کے برعکس گوشت خور افراد کی ذہنی حالت سبزی خوروں سے کہیں زیادہ بہتر پائی گئی۔ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر ایڈورڈ آرچر کا کہنا تھا کہ ”اگرچہ سبزی خوری کے فوائد اور نقصانات پر صدیوں سے بحث جاری ہے تاہم ہماری تحقیق میں ثابت ہوا ہے کہ گوشت خوروں کی ذہنی و نفسیاتی صحت بہت بہتر ہوتی ہے۔ چنانچہ ہم لوگوں کو نصیحت کریں گے کہ اگر آپ ڈپریشن، ذہنی خلفشار اور خود کو نقصان پہنچانے کے خطرناک روئیے سے بچنا چاہتے ہیں تو گوشت خور بن جائیے۔“

مزید :

ڈیلی بائیٹس -