”سرفراز احمد، رضوان احمد اور روحیل نذیر میں یہ خوبی موجود ہے“ راشد لطیف نے تینوں وکٹ کیپرز کے بارے میں کیا کہا؟

”سرفراز احمد، رضوان احمد اور روحیل نذیر میں یہ خوبی موجود ہے“ راشد لطیف نے ...
”سرفراز احمد، رضوان احمد اور روحیل نذیر میں یہ خوبی موجود ہے“ راشد لطیف نے تینوں وکٹ کیپرز کے بارے میں کیا کہا؟

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر راشد لطیف نے کہا ہے کہ وکٹ کیپر کیلئے فٹنس اور اعصابی مضبوطی درکار ہوتی ہے، سرفراز احمد، رضوان احمد اور روحیل نذیر اعصابی طور پر مضبوط ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سابق کرکٹرز کی جانب سے موجودہ کرکٹرز کو آن لائن سیشنز کے ذریعے مشورے دینے کا سلسلہ جاری ہے اور اس سلسلے میں وکٹ کیپرز کیلئے منعقدہ سیشن میں سرفراز احمد، محمد رضوان اور انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان اور وکٹ کیپر روحیل نذیر نے شرکت کی۔

اس موقع پر سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر راشد لطیف کا کہنا تھا کہ وکٹ کیپر کسی بھی ٹیم کا سب سے اہم رکن ہوتا ہے،اس کا ایک اچھا کیچ اور رن آؤٹ ٹیم کو فتح دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد، رضوان احمد اور روحیل نذیر اعصابی طور پر مضبوط ہیں، انہوں نے تینوں کھلاڑیوں کو سابق انگلش وکٹ کیپرز ایلن ناٹ اور جیک رسل کی ویڈیوز دیکھنے کی ہدایت کی۔

سابق کپتان نے کہا کہ وکٹ کیپر کیلئے بیلنس ضروری ہے، معین خان کے پاؤں کی مضبوطی نے ان کے کیریئر کو طول دیا۔ راشد لطیف نے بتایا کہ وہ میدان میں اپنے آپ کو تازہ دم رکھنے کیلئے سلپ میں کھڑے کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے رہتے تھے۔ اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق، باﺅلنگ کوچ وقار یونس اور ٹیم مینجمنٹ کے رکن شاہد اسلم بھی موجود تھے۔

مزید :

کھیل -