ایوارڈ یافتہ اداکار کیخلاف 20خواتین میدان میں آگئیں، زیادتی و ہراسگی کے الزامات
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) ایوارڈ یافتہ برطانوی اداکار و ڈائریکٹر نوئیل کلارک کو20خواتین نے جنسی زیادتی و جنسی ہراسگی کا ملزم قرار دے دیا۔
میل آ ن لائن کے مطابق نوئیل کلارک پر کئی اداکاراﺅں نے الزام عائد کیا ہے کہ اس نے انہیں جنسی زیادتی و جنسی ہراسگی کا نشانہ بنایا ۔ ان میں معروف اداکارہ جاہینا جیمز بھی شامل ہیں جو کلارک کی سپرہٹ فلم ’Brotherhood‘ میں کام کر چکی ہیں۔کلارک نے جاہینا جیمز کا برہنہ حالت میں آڈیشن کیا اور خفیہ طور پر اس کی ویڈیو بنا لی تھی۔ ایک نوعمر اداکارہ نے الزام عائد کیا کہ کلارک نے ایک فلم کے سیٹ پر اس کے منہ میں اپنی زبان ڈال دی تھی۔
کلارک کے ساتھ 2014ءسے 2017ءکے درمیان کام کرنے والی ایک خاتون فلم پروڈیوسر نے الزام عائد کیا ہے کہ ”کلارک ایک بار کار میں میرے سامنے برہنہ ہو گیا تھا۔ ایک بار اس نے لفٹ میں میرے جسم کو نازیبا انداز میں چھوا۔ اس نے ایک بار میرے سامنے اعتراف کیا تھا کہ جب انہوں نے مجھے اپنے ساتھ کام دیا تو ان کے ذہن میں تھا کہ وہ میرے ساتھ جنسی تعلق قائم کریں گے اور پھر نوکری سے نکال دیں گے۔
45سالہ کلارک نے 20سال پہلے ٹی وی سے اداکاری کا آغاز کیا اور پھرڈائریکٹر بھی بن گئے۔ وہ’کڈلٹ ہڈ‘ (Kidulthood)، اڈلٹ ہڈ (Adulthood)اور بردرہڈ( Brotherhood)میں بھی اداکاری کر چکے ہیں۔20خواتین کی طرف سے الزامات عائد کیے جانے کے بعد برٹش اکیڈمی فلم ایوارڈز کی طرف سے نوئیل کلارک کی ممبرشپ معطل کر دی گئی ہے۔