بھارت اور ایران مزید قریب آ گئے، ایسا اقدام جو پاکستانیوں کو بالکل بھی پسند نہیں آئے گا
نئی دلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت اپنے جنگی جنون اور خطے پر تسلط کے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے ایک طرف اسلحے کے انبار لگا رہا ہے تو دوسری طرف بعض ہمسایہ ممالک کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھانے کیلئے نئے اقدامات کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی ایران کے ساتھ بحری طاقت کے میدان میں پینگیں بڑھانے کی کوشش بھی ہے، جس کے تحت دو بھارتی بحری جہاز جنگی مشقوں کیلئے ایران روانہ ہوگئے ہیں۔
بھارتی وزارت دفاع کے مطابق INS Betwaاور INS Beas نامی بحری جنگی جہاز پانچ روز تک ایرانی بحریہ کے ساتھ مشترکہ مشقیں کریں گے۔ دونوں جہاز برہما پترا گائیڈ ڈ میزائلوں سے لیس ہیں۔ ان کی لمبائی 400فٹ اور رفتار 30 ناٹ بتائی گئی ہے۔ ان پر زمین سے زمین پر مارکرنے والے میزائل اور میزائل شکن دفاعی نظام کی موجودگی کے دعوے بھی کئے گئے ہیں۔
بھارتی وزارت دفاع نے اپنے بحری جہازوں کے ایرانی دورے کو باہمی تعاون کا نام دیا ہے لیکن دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تاریخ یہ ثابت کرتی ہے کہ بھارت خیر سگالی اور دوستی کا لبادہ اوڑھ کر بھی دشمنی کرنے سے باز نہیں آتا اور ایران کے ساتھ اس کی دفاعی قربت بھی اچھی نیت پر مبنی دکھائی نہیں دیتی۔