کرکٹ سیریز ، بھارت کو سیاسی تعلقات کا بہانہ نہیں بنانا چاہیے ، شہریار

کرکٹ سیریز ، بھارت کو سیاسی تعلقات کا بہانہ نہیں بنانا چاہیے ، شہریار

 لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ بھارت کے کرکٹ کھیلنے سے انکار سے ہم بھوکے نہیں مر جائیں گے ، پاک بھارت عوام دونوں ملکوں کے مابین باہمی سیریز کے خواہاں ہیں ، کرکٹ سیریز پر بھارت کو سیاسی تعلقات کا بہانہ نہیں بنانا چاہیے اور بھارت کو دونوں ملکوں کے مابین باہمی سیریز کے معاہدے کی مکمل پاسداری کرنی چاہیے ، سپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی ، تینوں کھلاڑیوں کی فٹنس اور کارکردگی کو دیکھ کر قومی ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کریں گے ۔ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی فٹنس پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔ وہ ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ شہریار خان نے کہا کہ حالیہ ورلڈ کپ کے دوران پاک بھارت میچ دنیا بھر میں دیکھا گیا ، بھارت کے ساتھ سیریز کھیلنے کا معاہدہ ہوا تھا جس سے وہ اب پیچھے ہٹ رہے ہیں جو درست بات نہیں ہے ۔ بھارت کو باہمی سیریز کے حوالے سے سیاسی تعلقات کا بہانہ نہیں بنانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ سپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کی وجہ سے پاکستان کی پوری دنیا میں بدنامی ہوئی ۔ محمد آصف ، سلمان بٹ اور محمد عامر کو قومی ٹیم میں واپسی کیلئے لائحہ عمل دیدیا ہے جس پر عمل کرتے ہوئے وہ قومی ٹیم میں اپنی جگہ بنا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تینوں کھلاڑیوں نے 5 سال تک کرکٹ نہیں کھیلی ، تینوں کھلاڑیوں کی فٹنس اور کارکردگی کو دیکھ کر قومی ٹیم میں شامل کیا جائے گااور اس حوالے سے ہم جائزہ لینے میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں اور ڈومیسٹک ٹیموں میں شامل کھلاڑیوں کی فٹنس پر خاص توجہ دے رہے ہیں اور امید ہے کہ اس حوالے سے تمام کھلاڑی بھی اپنی ذمہ داریوں کو ضرور پورا کریں گے ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...