پجارا کی سنچری ، بھارت کے سری لنکا کیخلاف 8وکٹوں پر292رنز

پجارا کی سنچری ، بھارت کے سری لنکا کیخلاف 8وکٹوں پر292رنز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 کولمبو ( نیٹ نیوز) بھارت نے کولمبو ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز بنا لئے، چیتشوار پجارا نے 135 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر بھارت کو رسوائی سے بچایا، امیت مشرا 59 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔ دھمیکا پرساد نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو سنہالیز سپورٹس کلب گراؤنڈ، کولمبو میں ٹیسٹ کے دوسرے روز بھارت نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 50 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو چیتشوار پجارا 19 اور ویرات کوہلی 14 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔ 64 پر بھارت کی تیسری وکٹ گر گئی جب کپتان کوہلی 18 رنز بنانے کے بعد اینجلو میتھیوز کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے۔ روہیت شرما چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 26 رنز بنانے کے بعد دھمیکا پرساد کا نشانہ بنے۔ اگلی ہی گیند پر پرساد نے سٹورٹ بنی کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے بھارت کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے نمان اوجھا 21 رنز بنانے کے بعد تھرندو کوشال کی گیند پر تھرنگا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ایشون بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 5 رنز بناکر دھمیکا پرساد کا شکار بن گئے۔ ایک طرف سے چیتشوار پجارا نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور امیت مشرا کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور 284 تک پہنچا دیا، اس دوران پجارا نے کیریئر کی ساتویں سنچری مکمل کی، مشرا 59 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر رنگنا ہیراتھ کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہوئے۔ بارش کے باعث میچ کو مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا، بھارت نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز بنا لئے۔ پجارا 135 اور ایشانت شرما 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ دھمیکا پرساد نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 83 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ نوان پردیپ، اینجلو میتھیوز، رنگنا ہیراتھ اور تھرندو کوشال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی پجارا نے بھارتی کرکٹ ٹیم کو اس وقت سہارادیا جب وہ شدید مشکل میں تھی اورانہوں نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا۔