دنیا کو سطح سمندر میں ہونے والے اضافے پر فوری توجہ مرکوز کرنی چاہئے: ناسا
واشنگٹن (اے پی پی) خلائی تحقیق کے امریکی ادارے ناسا کے سربراہ چارلس بولڈن جونیئر نے کہا ہے کہ دنیا کو سطحِ سمندر میں ہونے والے اضافے پر فوری توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔
امریکی ریڈیو کے مطابق تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سمندروں کی سطح میں اضافے سے متعلق سامنے آنے والی حالیہ معلومات قابلِ اعتبار ہیں جن پر دنیا کو سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔ گزشتہ ہفتے ناسا سے منسلک سائنس دانوں نے اپنی ایک نئی تحقیق کے نتائج جاری کئے تھے جس کے مطابق سمندروں کی سطح میں 1992ء سے اوسطاً آٹھ سینٹی میٹرکا اضافہ ہورہا ہے۔
تحقیق کے مطابق سمندروں کی سطح میں یہ اضافہ درجہ حرارت میں مسلسل اضافے اور گلیشئرز پگھلنے کا نتیجہ ہے۔ سمندروں کی تحقیق سے متعلق ناسا کے شعبے سے منسلک پروفیسر اسٹیو نیرم کے مطابق اگر درجہ حرارت میں اضافے اور برفانی تودوں کے پگھلنے کا عمل جاری رہا تو رواں صدی کے اختتام تک دنیا میں سمندروں کی سطح میں کم از کم ایک میٹر تک اضافہ ہوچکا ہوگا۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق دنیا خصوصاً براعظم ایشیا کے ملکوں کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے جہاں لگ بھگ ڈیڑھ کروڑ افراد ایسی ساحلی بستیوں میں مقیم ہیں جو سطحِ سمندر سے ایک میٹر سے بھی کم بلند ہیں۔