صدر لاہور چیمبرکی بھارتی جارحیت کی سختی سے مذمت

صدر لاہور چیمبرکی بھارتی جارحیت کی سختی سے مذمت

لاہور( پ ر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جارحیت کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یہ معاملہ عالمی سطح پر بھرپور طریقے سے اٹھائے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ پاکستان ایٹمی قوت ہے اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور اہلیت رکھتا ہے،بھارت کی انتہائی غیر ذمہ دارانہ حرکت خطرے کی گھنٹی اور کشیدگی میں اضافے کا سبب ہے جس سے کوئی انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے لہذا بین الاقوامی برادری بھارتی جارحیت کا فوری نوٹس لے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ بھارتی حکومت کو واضح پیغام دے کہ بے گناہ پاکستانیوں کی ہلاکت کسی طرح بھی قابلِ قبول نہیں اور اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو اس کے بھیانک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔بھارتی جارحیت پر عالمی برادری کی خاموشی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اس معاملے میں فوری مداخلت کرنی چاہیے تاکہ خطے میں ممکنہ تصادم روکا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پْرامن ملک ہے اور خطے میں امن کا خواہاں ہے مگر ضروری ہے کہ بھارت سمیت تمام ممالک اس کی خود مختاری کا احترام کریں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری ہم آواز ہوکر بھارتی جارحیت کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے کیونکہ بھارت عالمی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کا مرتکب ہورہا ہے۔

مزید : کامرس


loading...