جنوبی چھاؤنی کی 11سالہ لڑکی کو اغواء کے بعد فروخت کر دیا گیا

جنوبی چھاؤنی کی 11سالہ لڑکی کو اغواء کے بعد فروخت کر دیا گیا

لاہور(نامہ نگار)جنوبی چھاؤنی کی 11سالہ لڑکی کو اغوا ء کے بعد فروخت کر دیا گیا،متاثرہ لڑکی کی والدہ بیٹی کی بازیابی کے لئے سیشن عدالت پہنچ گئی، عدالت نے جنوبی چھاؤنی پولیس سے 3ستمبر کو ریکارڈ طلب کر لیاہے۔ایڈیشنل سیشن جج ملک شبیر حسین اعوان کی عدالت میں جنوبی چھاؤنی کی نسیم بی بی نے ملزم ساغر کی ضمانت خارج کرانے کے لئے درخواست دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیاکہ ملزم ساغر اس کے محلے میں رہتا تھا، اْس نے اِس کی 11سالہ بیٹی فاطمہ کو ورغلا کر اغوا ء کر لیا، جسے بعد ازاں اس نے مراد نامی شخص کو فروخت کر دیا،ملزمان اس کو دھمکیا ں دے رہے ہیں جبکہ لڑکی کو اس کے حوالے نہیں کیا جا رہاہے،درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ ضمانت کرانے کے بعد ملزمان لڑکی کو بیرون ملک لے کرفرارہوجائیں گے، عدالت سے استدعاہے کہ اس کی بیٹی کو بازیاب کروایا جائے اور ملزم ساغر کی درخواست ضمانت خارج کی جائے۔ فاضل جج نے درخواست ضمانت پر جنوبی چھاؤنی کی پولیس سے آئندہ سماعت پر مقدمے کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...