بینک ٹرانزیکشن پر ٹیکس نامنظور،2ستمبر یوم احتجاج ،4کو بینک بائیکاٹ ،9ستمبر اور 7اکتوبر کو شٹر ڈاؤن ہو گا،تاجروں کا اعلان

بینک ٹرانزیکشن پر ٹیکس نامنظور،2ستمبر یوم احتجاج ،4کو بینک بائیکاٹ ،9ستمبر ...

لاہور،اسلام آباد(خبر نگار خصوصی،آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران نے ودہولڈنگ ٹیکس کیخلاف 2ستمبر کو یوم احتجاج،4کو بنکوں سے لین دین کا بائیکاٹ، 9ستمبر اور 7اکتوبر کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔ گزشتہ روز آل پاکستان انجمن تاجران کی سپریم کونسل کا اجلاس مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک کے چاروں صوبوں کے تاجر قیادت نے شرکت کی۔ سپریم کونسل کے اجلاس میں تاجروں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے وِد ہولڈنگ ٹیکس کے نام پر تاجروں پر عائد ریاستی بھتہ خوری کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور بنک ٹرانزکشن پر ٹیکس کو تجارتی حلقوں نے مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ حکومت 31 اگست تک یہ تاجر دشمن ٹیکس کو واپس لینے کا اعلان کریں بصورت دیگر پاکستان بھر کے تاجر وِد ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف اپنی تحریک دوبارہ شروع کر دینگے۔ہمارے خیر سگالی کے توقف (وقفہ) کو حکومت نے تاجروں کی کمزوری سمجھتے ہوئے نہ صرف تاحال وِد ہولڈنگ ٹیکس کو برقرار رکھا ہے بلکہ تاجروں کی اعلیٰ قیادت اور دیگر تاجر نمائندوں کو ہراساں کرنے اور اپنے موقف سے پیچھے ہٹانے کے لیے انھیں ایف بی آر کے ذریعہ نوٹس بھیجے جا رہے ہیں جس کی ملک بھر کے تاجر نمائندوں پر مشتمل سپریم کونسل بھرپور مذمت کرتی ہے اور حکومت پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ آل پاکستان انجمن تاجران اور ملک بھر کے تاجر نمائندے حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہونگے اس قسم کی دھونس دھمکیاں ہماری تحریک میں مزید شدت پیدا کرے گی۔سپریم کونسل نے وِد ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف احتجاجی تحریک کے شیڈول کی منظوری دی ہے اور یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ جب تک یہ تاجر دشمن ٹیکس جس سے نہ صرف تاجر پریشان ہیں بلکہ اس ٹیکس کے نفاذ نے بینکنگ سسٹم کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے اور رقوم کی ترسیل کے لیے غیر قانونی راہیں کھلی ہیں کو ختم نہیں کیا جاتا تو سپریم کونسل احتجاجی تحریک جاری رکھے گی۔ سپریم کونسل کے فیصلے کے مطابق 2 ستمبر بروز بدھ ملک بھر میں وِد ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے خلاف یومِ احتجاج منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس دن ملک بھر کے ضلعی اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز مظاہرے، جلسے جلوس اور ریلیاں منعقد کرکے تاجر وِد ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائینگے۔4 ستمبر بروز جمعہ پورے ملک میں (ایک دن کیلئے) تاجر بنکوں سے لین دین کا بائیکاٹ کرینگے اور اس دن تاجر بنکوں سے کسی قسم کا کاروبار نہیں کرینگے۔9 ستمبر بروز بدھ پورے پاکستان میں تاجر برادری مکمل اور تاریخی شٹر ڈاؤن ہڑتال کرکے اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائینگے۔چونکہ 24 ستمبر یا 25 ستمبر کو عید ہے تو تاجروں کے وسیع تر مفاد میں ہم تاجروں کا کاروبار ڈسٹرب کرکے ان کا معاشی قتل نہیں کرنا چاہتے ہم عید کے بعد اپنی احتجاجی تحریک کو دوام دیتے ہوئے 7 اکتوبر بروز بدھ ایک بار پھر پورے ملک میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کرتے ہیں اور حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ تاجروں کی مخالفت مول نہ لیں اور تاجر دشمن وِد ہولڈنگ ٹیکس کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیں ورنہ جو تاجر ان کو اقتدار میں لا سکتے ہیں وہ تاجر واپس انھیں اپنے گھروں کو بھیجنے کی بھی طاقت رکھتے ہیں۔ اگر اس کے بعد بھی حکومت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا اور وِد ہولڈنگ ٹیکس کو منسوخ نہیں کیا تو ملک بھر میں ہڑتالوں، مظاہروں، احتجاجی جلسے جلوسوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع کر دینگے۔سپریم کونسل کے اجلاس میں خالد پرویز صدر آل پاکستان انجمن تاجران،خواجہ سلیمان صدیقی چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران،آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی چیئر مین خواجہ شفیق ،عبد الرزاق ببر صاحب سیکرٹری جنرل آل پاکستان انجمن تاجران،عبد الرحیم کاکڑ صدر مرکزی انجمن تاجران بلوچستان،شیخ حبیب صدر سندھ تاجر اتحاد،وقار حمید میمن صدر انجمن تاجران صوبہ سندھ،کاشف چوہدری صدر انجمن تاجران اسلام آباد،مجاہد مقصود بٹ صدر انجمن تاجران لاہور،اللہ داد ترین (جنرل سیکرٹری مرکزی انجمن تاجران)،عارف فصیح اللہ سٹی صدر ملتان،جاوید میمن صدر انجمن تاجران سکھر،شیخ ارشاد صدر جامعہ الائنس کراچی،شکیل قریشی جنرل سیکرٹری سکھر،شوکت علی خان (جنرل سیکرٹری کے پی کے )،خواجہ احمد حنیف صدر انجمن تاجران سرگودھا،حاجی پرویز چند ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سکھر ،شرافت علی مبارک (صدر انجمن تاجران کے پی کے )،یٰسین مینگل ،شیخ محمد صدیق،واحد بخش باروی نے شرکت کی ۔آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی چیئر مین خواجہ شفیق لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف ملک بھر میں 2ستمبر کو احتجاجی مظاہرے،ایف بی آر دفتر کے سامنے دھرنے اور ریلیاں نکالی جائیں گی، ودہولڈنگ ٹیکس پر تاجروں میں اعتماد کا فقدان ہے،جب تک اتحاد قائم نہیں ہوگا ہم حکومت سے مطالبات نہیں منوا سکتے،،حکومت مذاکرات کرنا چاہتی ہے تو تاجر مذاکرات کرنے کیلئے تیار ہیں۔آل پاکستان تاجر اتحاد کے مر کزی صدر محمدکاشف چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہو جہاں تاجروں ،عوام اورغریب لوگوں کے بنکوں میں پیسے رکھنے اور نکالنے پر ود ہولڈنگ ٹیکس لگایا گیا ہے ۔حکو مت کے اس فیصلے سے ملک میں ہنڈی اور حو الے کے کارو بار کو فرو غ ملے گا اور لو گ بنکوں میں پیسے رکھنے سے گر یز کر یں گے۔

مزید : صفحہ اول


loading...