اقتصادی راہداری منصوبہ کرپشن کی نذر ہوا تو عوام حکومت کیخلاف اٹھ کھڑے ہونگے ،سراج الحق
لندن (اے این این )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پاک چائنہ کوریڈور منصوبہ کرپشن کی نذر ہوا تو عوام حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان محمد اصغر اور برطانیہ میں جماعت اسلامی کے ترجمان سید شوکت علی بھی موجود تھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کی 68سالہ تاریخ میں رقم کے لحاظ سے یہ سب سے بڑا منصوبہ ہے جس سے امید پیدا ہوئی ہے کہ پاکستان میں سڑکوں کا جال بچھے گا، انڈسٹریل شہر بنیں گے لیکن اگر اس عظیم منصوبہ میں بھی کرپشن ہوئی تو ماضی میں لیے گئے بڑے بڑے بیرونی قرضوں کی طرح اس منصوبے سے بھی عام آدمی کو کچھ نہیں ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ کرپشن ایک ناسور بن چکی ہے جو کینسر کی طرح معاشرہ کو چاٹ رہی ہے لہٰذا ملک بچانے کے لیے کرپشن پر قابو پانا ضروری ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سوئس بنکوں میں پڑے 200بلین ڈالر ملک میں آ جائیں تو پاکستان پر ایک ڈالر کا بھی قرضہ نہیں رہے گا اور عوام کو تعلیم اور صحت کی مفت سہولتیں بھی دی جاسکیں گی ۔ اوورسیز پاکستانی سالانہ اٹھارہ بلین ڈالر کما کر پاکستان بھیجتے ہیں جنہیں کرپٹ حکمران بیرون بنکوں میں موجود اپنے اکاؤنٹس میں جمع کروادیتے ہیں ۔ سیاست پر مخصوص ٹولے کا قبضہ ہے عام آدمی کو اقتدار کے ایوانوں میں پہنچانے کے لیے اس ٹولے سے نجات ضروری ہے ۔ ملکی خوشحالی اور ترقی کے لیے کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانا انتہائی ضروری ہے ۔ پرامن کراچی نا صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام کی ضرورت ہے ۔سراج الحق نے کہاکہ کراچی کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے ۔ کراچی ہمارے معاشی اور نظریاتی شہ رگ ہے لیکن گزشتہ 28سال سے ایک مخصوص مافیا نے روشنیوں کے اس شہر کو تاریکی میں ڈبو رکھاہے ۔ اس مافیا نے عدالتوں اور میڈیا سمیت تمام سرکاری اداروں کو یرغمال بنارکھاہے بلدیہ کراچی اس مخصوص مافیا کے لوگو ں کا اکھاڑا بناہواہے ۔تعلیم ، صحت واٹر بورڈ اور پولیس میں ہزاروں لوگوں کی جعلی کاغذات پر بھرتیاں کی گئیں۔ یہی لوگ عوام کی خدمت اور شہر کی ترقی کی بجائے دن رات اس مخصوص پارٹی کے جلسوں میں نظر آتے ہیں ۔ سراج الحق نے کہاکہ کراچی آپریشن کو ہمہ پہلو بنایا جائے اور تمام سرکاری محکموں سے گھوسٹ ملازمین کو نکالا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی آپریشن پسنداورناپسند کی بنیاد پر نہیں ہوناچاہیے ۔