اراضی کیس، بحریہ ٹاؤن نے 3ہفتے کے التواء کی درخواست دائر کردی

اراضی کیس، بحریہ ٹاؤن نے 3ہفتے کے التواء کی درخواست دائر کردی

اسلام آباد(آن لائن)بحریہ ٹاؤن اور ڈی ایچ ا ے اراضی کیس میں مدعا علیہ کے وکیل بیرسٹر اعتزاز احسن نے مقدمہ کے تین ہفتے کے التواء کی درخواست کی ہے ۔بحریہ ٹاؤن اور ڈی ایچ ا ے کیخلاف محمد شفیع نامی شخص نے درخواست سپریم کورٹ آف پاکستان میں دائر کررکھی ہے۔اس مقدمہ کی سماعت کیلئے عدالت عظمیٰ نے 31اگست 2015ء بروز پیر مقرر کی ہے ۔ بیرسٹر اعتزاز احسن بحریہ ٹاؤن کی طرف سے کیس کی پیروی کررہے ہیں۔ عدالت کے حکم مجریہ 21اگست 2015کے حکم کی تعمیل میں محکمہ جنگلات پنجاب نے 1129 صفحات پر مشتمل تین جلدوں میں 292 دستاویزات عدالت میں پیش کیں ۔ان دستاویزات میں زیادہ تر سرکاری ریکارڈ سے استفادہ کیا گیا ہے جبکہ بحریہ ٹاؤن ان سے آگاہ نہیں ۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی کارروائی میں ایسی دستاویزات عدالت میں پیش کی گئی ہیں ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مدعا علیہ کی تائید میں مذکورہ بالا دستاویزات انکے وکیل بیرسٹر ا عتزازاحسن کو 28اگست کو بیرون ملک سے اسلام آباد واپسی پر ملی ہیں، اس لئے درخواست کی گئی ہے کہ سینئر وکیل اور متعلقہ فریق کو جس کی وہ نمائندگی کررہے ہیں ،ان دستاویزات کا جواب دینے کیلئے مناسب وقت درکار ہے ۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ چونکہ اعتزاز احسن اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز نیویارک میں 31اگست 2015ء سے2ستمبر 2015ء تک منعقد ہونیوالی بین الپارلیمانی یونین کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے ،اس لئے درخواست کی گئی ہے مقدمہ کی کارروائی تین ہفتوں کیلئے ملتوی کردی جائے ۔

مزید : صفحہ آخر


loading...