پنجاب کے سرکاری و نجی میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ آج ہو گا

پنجاب کے سرکاری و نجی میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ آج ہو گا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی)پنجاب کے تمام سرکاری و نجی میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ آج اتوار کو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام بیک وقت 13شہروں میں قائم 34 مراکز پرمنعقد ہو رہا ہے۔ اس حوالے سے پنجاب حکومت نے تمام ضروری انتظامات پہلے ہی مکمل کرلیے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی سیکریٹریز، بورڈ آف ریونیو کے ممبرز، ڈویژنل کمشنرز، اور ڈی سی اوز سمیت سینئر بیوروکریٹس انٹری ٹیسٹ کی مانیٹرنگ کا کام سرانجام دیں گے جبکہ سینئر میڈیکل پروفیسرزکو امتحانی مراکز کا انچارج مقررکیاگیاہے ۔یوایچ ایس کے ترجمان کے مطابق اس سال47ہزار سے زائد امیدواروں کو انٹری ٹیسٹ میں شرکت کیلئے رول نمبرز جاری کردیے گئے ہیں جن میں سے 31ہزار طالبات اور ساڑھے 16ہزار طلبہ شامل ہیں۔ صوبے کے 13شہروں میں 34مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ ان شہروں میں لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، بہاولپور، ملتان، رحیم یار خان، سرگودھا، راولپنڈی، حسن ابدال، گجرات، گوجرانوالہ، ڈیرہ غازی خان اور سیالکوٹ شامل ہیں۔یو ایچ ایس کی طرف سے جاری کردہ ہدایت کے مطابق ٹیسٹ ٹھیک صبح9بجے شروع ہوگا تاہم تمام امیدوارں کا صبح 8بجے تک اپنے اپنے امتحانی مرکز پہنچنا ضروری ہے ۔ لاہور میں انٹری ٹیسٹ کے لیے 6مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ پنجاب کے 17سرکاری میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی 3405جبکہ3سرکاری ڈینٹل کالجوں میں بی ڈی ایس کی 216نشستیں ہیں۔ اس کے علاوہ صوبے کے28پرائیوٹ میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی تقریباً 3000جبکہ12پرائیوٹ ڈینٹل کالجوں میں بی ڈی ایس کی 700نشستیں ہیں۔ حکومت پنجاب نے انٹری ٹیسٹ کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔ان انتظامات کیلئے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسرز کو فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے۔ تمام مراکزپر واک تھرو گیٹ اور موبائل جامرز نصب کیے گئے ہیں۔آج تمام مراکز پر دفعہ144نافذرہے گی۔ ساتھ آنے والے والدین اور دیگر عزیز و اقارب کے بیٹھنے کیلئے امتحانی مراکز کے قریب شامیانوں اور کرسیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے اور پارکنگ کے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔پنجاب حکومت نے انٹری ٹیسٹ کے بہترین انتظامات کیلئے صوبے کے تمام کمشنر اور ڈی سی اوز کو ہدایات جاری کردی تھیں۔ امیدواروں کو اپنے ساتھ صرف نیلا بال پوائنٹ پین اور کلپ بورڈ لانے کی اجازت ہے۔ ایڈمیٹنس کارڈ کے بغیر کسی امیدوار کو کمرہ امتحان میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

مزید :

صفحہ آخر -