خیبرپی کے چیمبرکل اسلام آباد میں ’میڈان خیبرپختونخوا ‘ نمائش منعقد کریگا

خیبرپی کے چیمبرکل اسلام آباد میں ’میڈان خیبرپختونخوا ‘ نمائش منعقد کریگا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور (اے پی پی)خیبرپختونخوا چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ذوالفقار علی خان نے کہاہے کہ صوبے میں اب حالات معمول پر آگئے ہیں ‘ پاک فوج اور اپنے لوگوں کی بے پناہ قربانیوں کے بعدصوبے کے حالات پہلے کے مقابلے میں کافی بہتر ہوچکے ہیں‘ اس لیے صوبے کی صنعتی ‘تجارتی اور کلچر سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ہم اپنی ذمہ داری کا عملی مظاہرہ کریں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کے روز خیبرپختونخوا چیمبر کے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا‘ انہوں نے کہاکہ صوبے کی صنعت وکلچر کو فروغ دینے کیلئے ملکی سطح پراور بیرونی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنے کیلئے ایک روزہ ’’میڈان خیبرپختونخوا ‘‘ نمائش کا اہتمام کیاجائے گا جوکہ 31اگست کو اسلام آبادکے میرٹ ہوٹل میں منعقد ہوگی‘چیمبر نے نمائش میں شرکت کیلئے اس سلسلے میں بیرونی ممالک کے سفارت خانوں کے ساتھ رابطہ کیاہے جنہوں نے نمائش میں شرکت کی یقین دہانی کی ہے اس لیے ہمیں امیدہے کہ نمائش میں زیادہ سے زیادہ بیرونی اور ملکی سرمایہ کار شرکت کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ نمائش میں تقریباً 60کے قریب سٹال لگائے جائیں گے جن میں میڈیسن ‘ماچس‘ گھی‘ فوڈز آئٹمز‘ مصالحہ جات ‘پشاور اور چارسدہ کی مشہور چپل ‘سوات اور چترال کی دستکاری اور ملبوسات ‘مردان اور چارسدہ کامشہور رجڑحلوا کے سٹال وغیرہ شامل ہونگے‘ انہوں نے کہاکہ چترال ‘سوات ‘کوہاٹ اور ہزارہ کے چیمبرز کو بھی سٹال دیئے گئے ہیں تاکہ وہ اپنے اپنے علاقوں کی بنی ہوئی دستکاری و ملبوسات اور وہاں مقامی طورپر بننے والی چیزوں کو متعاراف کرواسکیں‘انہوں نے کہاکہ نمائش کا مقصد صوبے کی بہتر امیج کو متعارف کرواناہے‘انہوں نے کہاکہ نمائش کے ذریعے صوبے کی سیاحت وتاریخی حیثیت ‘کلچر ‘ٹریڈ اور ہر چیز کو متعارف کروانا ہے تاکہ بیرونی اور ملکی سطح پر اسے پذیرائی مل سکے‘ ایک سوال کے جواب میں صدر چیمبر کامرس اینڈ انڈسٹری ذوالفقار علی خان نے کہاکہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ہم مشکور ہیں جنہوں نے چیمبر کے ساتھ جو وعدے کیے تھے اسے پورا کرکے دکھایا‘۔
اورسابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے وقت کیے گئے وعدوں کو عملی جامعہ پہنایا‘صدر ذوالفقار علی خان نے کہاکہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ایک روزہ ’’میڈان خیبرپختونخوا‘‘ نمائش سے ہمیں اپنے صوبے کی اقتصادی وصنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور دنیا کو خیبرپختونخوا میں بننے والی چیزوں سے روشناس کروایاجائے گا۔

مزید :

کامرس -