درآمدی گارمنٹس کی ویلیوایشن میں بلاجواز بھاری اضافہ کردیا گیا

درآمدی گارمنٹس کی ویلیوایشن میں بلاجواز بھاری اضافہ کردیا گیا

  

لاہور (کامرس رپورٹر)ریڈی میڈ گارمنٹس کے امپورٹرز نے ویلیوایشن میں آٹھ سو فیصد سے زائد اضافے کا مسئلہ حل کرانے کے لیے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے مدد طلب کی ہے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر الماس حیدر سے ملاقات میں ریڈی میڈ گارمنٹس کے امپورٹرز اور ڈیلرز کے ایک بڑے وفد نے کہا کہ درآمدی گارمنٹس کی ویلیوایشن میں بلاجواز بھاری اضافہ کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے وہ شدید پریشان ہیں ۔ انہوں نے لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر کو آگاہ کیا کہ اگر یہ اضافہ واپس نہ لیا گیا تو کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کو محاصل کی مد میں بھاری نقصان ہوگا جو اسے سالانہ گارمنٹس کے سینکڑوں کنٹینر کلیئر کرنے کے عوض حاصل ہوتے ہیں جبکہ عوام بھی سستے کپڑوں سے محروم ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈی میڈ گارمنٹس کے امپورٹرز کو برابری کی صورتحال مہیا کی جائے تاکہ وہ بھی ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرسکیں۔ الماس حیدر نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ویلیوایشن سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیکر ویلیوایشن میں اضافے کا مسئلہ افہام و تفہیم سے حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ درآمدی گارمنٹس اور دیگر مصنوعات کی ویلیوایشن میں بھاری اضافہ غیرقانونی تجارت کی حوصلہ افزائی کرے گا جو کسی طرح بھی ملکی معیشت کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل ویلیوایشن ریڈی میڈ گارمنٹس کے امپورٹرز کا نکتہ نظر سن کر یہ مسئلہ فوراً حل کریں۔

مزید :

کامرس -