خواتین کی ترقی کے لئے اقدامات جاری ہیں،حمید ہ وحید الدین
لاہور (خبر نگار خصوصی،لیڈی رپورٹرف) وزیر برائے ترقی خواتین پنجاب حمیدہ و حیدالدین نے کہا ہے کہ خواتین کے تحفظ اور ان کی معاشی ترقی کے لئے اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنا یا جا رہا ہے ۔ محکمانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ ہراسمنٹ ایکٹ کے تحت تمام صوبائی محکموں میں ہراسمنٹ کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین پر تیزاب پھینکنے کے واقعات میں کمی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تیزاب پھینکنے میں ملوث افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مقدمات بھیجے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وراثت کے قانون پر عملدرآمد کی ما نیٹرنگ کی جارہی ہے ۔حمیدہ وحیدالدین نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لئے انہیں چھوٹے کاروباروں کے لئے بلا سود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ کے تحت اب تک 14740 عورتوں کو مختلف فنون کی تربیت دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپو ا کے تعاون سے ILOکے زیر اہتمام مزید 100گھریلو ورکروں کو تربیت دی جائے گی ۔ جبکہ اب تک 3070دیہی خواتین پولٹری اور ویٹنری اور ٹیوٹا کے زیر اہتمام 20ہزار خواتین کی فنی تربیت مکمل ہو چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وویمن پیکجز پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ جاری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین حکومتی اقدامات سے مستفید ہو سکیں ۔