ناقص انتظامات پر سری لنکن کرکٹ بورڈ نے معافی مانگ لی

ناقص انتظامات پر سری لنکن کرکٹ بورڈ نے معافی مانگ لی

  

کولمبو (این این آئی)سری لنکن کرکٹ نے آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ کو دیکھنے کیلئے بڑی تعداد میں آنے والے تماشائیوں کو کنٹرول کرنے میں ناکامی اور ناقص انتظامات پر معافی مانگ لی ہے۔ایک روز قبل آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان دمبولا میں تیسرا ایک روزہ میچ کھیلا گیا جہاں 18ہزار تماشائیوں کی گنجائش کے حامل رنگیری اسٹیڈیم میں 45ہزار تماشائی امڈ آئے۔اس موقع پر عجیب و غریب مناظر دیکھنے کو ملے جہاں میچ کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بے چین شائقین گراؤنڈ کے اطراف میں موجود چھتوں ٗدیواروں پر چڑھے نظر آئے ٗ اس دوران ناقص انتظامات کے سبب چند تماشائی اسٹیڈیم کے وی آئی پی انکلوڑر اور پریس باکس میں بھی گھس آئے جس کی وجہ سے وہاں موجود افراد کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔سری لنکن کرکٹ نے اس واقعہ پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان تمام شائقین کرکٹ اور ٹکٹ کے حامل افراد سے معافی کے طلبگار ہیں جنہیں دمبولا میں ہونے والے میچ میں سیٹیں نہیں مل سکیں۔میدان میں موجود گنجائش کے مقابلے میں تقریباً تین گنا شائقین ہونے کی وجہ سے بدنظمی پھیل گئی اور منتظمین شائقین کو کنٹرول میں نہ رکھ سکے۔بیان میں کہا کہ مندرجہ بالا وجوہات کی بنا پر ہم نے میدان کو محفوظ بنانے پر زیادہ توجہ دی کیونکہ میچ جاری رکھنے کیلئے اس کو ترجیح دی جاتی ہے۔سری لنکن بورڈ نے یقین دلایا کہ آ نے والے میچوں میں بہترین سکیورٹی انتظامات کریں گے اور شائقین کو پیش آنے والی مشکلات پر ایک مرتبہ پھر معافی مانگی۔سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان ایک روزہ میچوں کی سیریز کا چوتھا میچ بدھ کو دمبولا کھیلا جائے گا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -