نریندرمودی 3 ستمبر کو ویتنام جائیں گے، چین کے مقابلے میں بھارت کا اہم قدم قرار
نئی دلی (نیوز ڈیسک) بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی چین میں ہونے والے جی 20 ممالک کے سربراہان حکومت کے اجلاس میں شرکت سے پہلے ویتنام جائیں گے جو جنوب مشرقی ایشیا میں چین کے مقابلے میں بھارت کی موجودگی کی طرف اہم قدم ہوگا۔بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق جی 20 ممالک کے سربراہان حکومت کا اجلاس 4 اور 5 ستمبر کو چین میں ہوگا تاہم اجلاس میں شرکت سے پہلے بھارتی وزیر اعظم 3 ستمبر کو ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی جائیں گے ۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ نریندرا مودی اپنے ایک روزہ دورے کے دوران ویتنام کے ساتھ دفاعی تعاون کے مختلف معاہدوں پر دستخط کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نریندرا مودی اپنے دورے کے دوران ویتنام کے ساتھ 100 ملین ڈالر مالیت کی 4 پٹرولنگ کشتیوں کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط کریں گے ۔ اس کے علاوہ انڈیا کی جانب سے ویتنام کو فوجی طاقت بڑھانے کیلئے مالی تعاون، فوجیوں کی تربیت کا کوٹہ بڑھانے کے ساتھ دفاعی سازو سامان کی فراہمی اور مرمت کے معاہدے ہونے کی توقع بھی کی جا رہی ہے۔ مودی کے دورے کے نتیجے میں سائبر سکیورٹی پارٹنرشپ کے ایم او یو پر بھی دستخط ہوسکتے ہیں۔
نریندرا مودی