معروف عالم دین علامہ احمد علی قصوری انتقال کر گئے

معروف عالم دین علامہ احمد علی قصوری انتقال کر گئے

  

لاہور(خبر نگار خصوصی) معروف عالم دین ،جمعیت علماء پاکستان اور تحریک منہاج القرآن کے سابق مرکزی رہنما علامہ احمد علی قصوری 70سال کی عمر میں انتقال کر گئے ۔ان کی نماز جنازہ آج صبح منگل ساڑھے 10بجے ایوبیہ مارکیٹ نیومسلم ٹاؤن لاہور میں علامہ پیر محب اللہ نوری پڑھائیں گے ۔جبکہ ڈیڑھ بجے دوپہر مین قبرستان نزد کچہری قصورشہر میں دوسرا جناز پڑھا جائے گا ۔آپ نے پسماندگان میں دو صاحبزادے اور چار بیٹیاں چھوڑی ہیں ۔علامہ احمد علی قصوری نے تحریک ختم نبوت ،تحریک نظام مصطفی ، تحریک ناموس رسالت اورملکی سطح پر تمام تحریکوں میں پیش پیش رہے اور کئی بار قید وبند کی صعوبتیں برداشت کی اور ساری عمر دین متین ، نظریہ پاکستان ،دوقومی نظریہ اور فکر اقبال کے فروغ کے لیے کام کرتے رہے ۔وہ معروف روحانی شخصیت علامہ پیر علاؤالدین گیلانی کے بیعت اور بصیر پور شریف اور جامعہ نعیمیہ کے فاضل تھے ۔مرحوم کے انتقال پرعلامہ پیر محب اللہ نوری ،تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری ،،ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ راغب حسین نعیمی ، تنظیم اتحاد امت پاکستان کے چیئرمین اور ناظم اعلیٰ اتحاد امت اسلامک سنٹر محمد ضیاء الحق نقشبندی ،پیر کرنل (ر)احمد فضیل خان نقشبندی،جماعت اہل سنت کے ناظم اعلیٰ پیر سید ریاض حسین شاہ ،جمعیت علماء پاکستان کے جنرل سیکرٹیری علامہ الشاہ اویس نورانی ،حافظ سعید احمد ،سراج الحق ،مفتی محمد خان قادری ،حاجی محمد حنیف طیب ،صاحبزادہ حامد رضا اور دیگر رہنماؤں نے شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیانات میں کہا ہے کہ ہماری دعا ہے اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔

انتقال

مزید :

صفحہ آخر -