فوجی سربراہ کے لباس کی اقسام اور کس موقع پر کونسا پہنا جاتا ہے

فوجی سربراہ کے لباس کی اقسام اور کس موقع پر کونسا پہنا جاتا ہے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خصوصی رپورٹ) سعودی عرب کے طاقتو ر ترین سمجھے جانیوالے وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے پاک فوج کے سپہ سالار جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی اور اس ملاقات کے دوران آرمی چیف نے روایتی خاکی یونیفارم استعمال کرنے کی بجائے سیاہ رنگ کا لباس زیب تن کیا جس پر کئی سوشل میڈیا صارفین ورطہ حیرت میں مبتلاء ہوگئے۔ دراصل آرمی چیف نے اپنے دفتری اوقات سے ہٹ کر سعودی عہدیدار سے یہ ملاقات کی ہے اور یہ رسمی لباس ہے جو مختلف تقاریب میں زیب تن کیا جاتاہے جبکہ اسے ’توشبان‘ بھی کہاجاتاہے۔عمومی طورپر جی ایچ کیو کے اوقات صبح آٹھ بجے سے سہہ پہر دوبجے تک ہوتے ہیں۔روزنامہ پاکستان کو حاصل ہونیوالی معلومات کے مطابق پاک فوج جیسے سخت نظم و ضبط رکھنے والے ادارے میں عمومی طورپر پانچ قسم کے لباس ہیں جو مختلف مواقعوں پر جوان و افسران استعمال کرتے ہیں۔رسمی لباس ،عمومی طورپر صرف افسران ہی مختلف تقاریب یا سرکاری سطح پر ہونیوالی ملاقاتوں کے دوران زیب تن کرتے ہیں ، اس لباس کو توشبان بھی کہہ دیا جاتاہے لیکن دراصل لباس کے اوپر موجود کندھے سے نیچے آنیوالے بیلٹ کیلئے توشبان کالفظ استعمال ہوتاہے۔ یہ لباس عمومی طورپر خاکی یا سیاہ رنگ کا ہوتاہے اور اسے ایس پی یعنی سپیشل ڈریس سے بھی جانا جاتاہے ،یہی لباس آرمی چیف نے ملاقات کیلئے استعمال کیا۔یونیفارم ،وہ لباس ہے جو عام حالات میں جنرل زیب تن کرتے ہیں جس کیساتھ کیپ ، رینک اور میڈل وغیرہ لگتے ہوتے ہیں۔فیلڈ ڈریس ،عمومی طورپر مشقوں کا جائزہ لینے کے لیے جانے یا میدان جنگ کے دورے کے موقع پر پہنا جاتاہے اور اس پر صرف رینک لگے ہوتے ہیں جبکہ میڈل وغیرہ غائب ہوتے ہیں۔ فیلڈ ڈریس کارنگ آپ کے میدان جنگ یا جنگی مشقوں کے بیک گراؤنڈ کے لحاظ سے ہوتاہے یعنی کسی ٹینک سے زمین کے رنگ سے ملتا جلتابھی ہوسکتاہے۔سول وائیڈ ڈریس،جس طرح نام سے ظاہر ہے ، یہ عمومی طورپر ڈھیلا ڈھالا لباس ہوتاہے جو کھانے وغیرہ یامختلف پارٹیوں میں زیب تن کیا جاتاہے ، اس کے نیچے بند بوٹ ہوتے ہیں جبکہ اوپر کالی کوٹی پہنی جاتی ہے ، نائب صوبیدار سے صوبیدار میجر تک کے رینک کے افسران کی کوٹی کا گلا گول ہوتاہے جبکہ اس سے اوپر کے عہدے کے افسران ’V‘ گلے والی کوٹی پہنتے ہیں لیکن یہ ڈریس جنرلز نہیں پہنتے۔اس لباس کا کوئی بھی مناسب رنگ ہوسکتاہے یعنی سفید یا نیلا وغیرہ لیکن اگر سول ڈریس کے آگے مفتی کا لفظ آجائے تو لازم ہوتاہے کہ سفید سوٹ ہی پہنا جائے گا اور اس کے اوپر سیاہ شیروانی ہوگی۔ پی ٹی ڈریس،پاک فوج میں پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ ساتھ فزیکل ٹریننگ یعنی جسمانی طورپر چاک و چوبند رہنے پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے اور اس کیلئے بھی ایسا لباس استعمال کیا جاتاہے جو ڈھیلا ڈھالا ہویعنی تربیتی مراحل کی تکمیل میں رکاوٹ پیدا نہ کرے اور عمومی طورپر متعلقہ یونٹ کے اپنے مقررہ رنگوں پر مشتمل ہوتاہے اور شرٹ اور ٹراؤزر کا رنگ الگ الگ بھی ہوسکتا ہے۔
فوجی لباس

مزید :

صفحہ اول -