دکھی انسانیت کی خدمت کرنیوالے ڈاکٹر ، نرسیں اور طبی عملہ ہمارے سر کے تاج ہے ، شہباز شریف

دکھی انسانیت کی خدمت کرنیوالے ڈاکٹر ، نرسیں اور طبی عملہ ہمارے سر کے تاج ہے ، ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں مریضوں کے علاج معالجے اور صفائی کے بہترین انتظامات پر ہسپتال انتظامیہ اور عملے کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے ہسپتال کے عملے کیلئے 5 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے عملے کو تعریفی سرٹیفکیٹس دینے کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں گزشتہ روز بغیر کسی پیشگی اطلاع اچانک ہسپتال کے امو رکا جائزہ لینے آیا تو یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ ہسپتال میں انتظامات بہت اچھے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر عملے کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے ڈاکٹر، نرسیں اور طبی عملہ ہمارے سروں کے تاج ہیں۔مستقبل میں بھی ایسے مسیحاؤں کی بھرپور حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں اگرچہ رش کے باعث مریضوں کو بعض مشکلات ہیں، تاہم یہ مشکلات نئے بلاک کے فنکشنل ہونے سے جلد دور ہو جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے نئے ایمرجنسی بلاک کو فوری طور پر فنکشنل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نیا ایمرجنسی بلاک شروع ہونے سے مریضوں کو مزید سہولتیں ملیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ کے تحت صوبہ بھر کے سکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت مجموعی طور پر دوبرس میں25 ہزار سے زائد اضافی کمرے تعمیر کئے جائیں گے اور اس پروگرام پر اربوں روپے خرچ کئے جائیں گے۔ پروگرام پر عملدرآمد مرحلہ وار ہوگا اور اس کا آغاز رواں برس جنوبی پنجاب سے کیا جائے گا۔آج یہاں ’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ کے مختلف امور کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ اور طلبا و طالبات کو جدید سہولتوں کی فراہمی کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے اور تعلیمی اداروں میں بڑی حد تک یہ سہولتیں فراہم کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ حکومت پنجاب کا ایک اور انقلابی اقدام ہے انہوں نے کہا کہ پروگرام کو جلد عملی جامہ پہنانے کیلئے تمام ضروری امور کو جلد طے کیا جائے اور متعلقہ ادارے اس ضمن میں تیزی سے کام کریں۔ اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان، چیف سیکرٹری، سیکرٹری تعلیم اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ سیکرٹری تعمیرات و مواصلات بیرون ملک سے وائبرکے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے پولیس و قانون نافذ کرنے والے ادارے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں اور اپنے فرائض محنت اور جانفشانی سے سرانجام دیں۔ صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور جرائم خصوصاً سنگین جرائم کی بیخ کنی کیلئے موثر حکمت عملی اپناتے ہوئے اس پر عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سینئر پولیس افسران اپنے اپنے علاقوں میں امن و امان کے قیام اور جرائم کی بیخ کنی کا جائزہ لینے کے حوالے سے باقاعدگی سے اجلاس منعقد کریں اور عوام کو انصاف کی فراہمی کیلئے اپنے دفاتر کے دروازے کھلے رکھیں۔انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے اورعوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایاجائے۔ اجلاس میں معاون خصوصی رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ اور متعلقہ سینئر حکام نے شرکت کی جبکہ انسپکٹر جنرل پولیس ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں عوام کی فلاح وبہبود کیلئے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے اورفلاح عامہ کے منصوبوں کو رفتار اورمعیارکیساتھ مکمل کیا جارہا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لاہور اوربعض دیگر شہروں میں پتنگ بازی کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی انتظامیہ اورپولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر موثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اورقانون کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بارش کے پانی کی جلد سے جلد نکاسی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی مشکلات کے ازالے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کارلائے جائیں اور منتخب نمائندے،انتظامیہ اورمتعلقہ ادارے ملکر نکاسی آب کے تمام عمل کو یقینی بنائیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بارش کے دوران سڑکوں پر ٹریفک رواں دوا ں رکھنے کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں ۔

شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -