این اے63ضمنی الیکشن،ایم ڈبلیو ایم نے پی ٹی آئی کی حمایت کردی

این اے63ضمنی الیکشن،ایم ڈبلیو ایم نے پی ٹی آئی کی حمایت کردی

  

جہلم( نامہ نگار) حلقہ این اے 63کا ضمنی الیکشن ، مجلس وحدت المسلمین نے پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کر دیا ، پی ٹی آئی کے امیدوار چوہدری فواد حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مجلس وحدت المسلمین پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید آغا مبارک موسوی ، ضلع جہلم کے جنرل سیکرٹری سید ثناء الحسن زیدی ، سید آغا حیدر زیدی اور دیگر نے کہا کہ متحدہ مجلس وحدت المسلمین کی کوشش رہی ہے کہ پڑھے لکھے اور باشعور لوگوں کی سپورٹ کر کے اسمبلی میں بھیجے ، ہم گزشتہ کئی سالوں سے بلوچستان ، کراچی سمیت مختلف علاقوں میں 90، 90نعشیں اٹھا رہے ہیں ، ہم نے تین تین ماہ تک بھوک ہڑتال کی ، نعشیں کئی کئی روز تک سڑکوں پر رکھ کر احتجاج کیا لیکن ایک گملا تک بھی نہ ٹوٹا ہمارا احتجاج پرامن اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ اور ملک میں اخوت ، رواداری اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے لیے ہے ، ہم نے دھرنے کے دوران بھی پی ٹی آئی اور عوامی تحریک کا ساتھ اس لیے ساتھ دیا کیوں کہ ماڈل ٹاؤن میں 26بے گناہ لوگوں کا خون بہایا گیا ، مجلس وحدت المسلمین کے صوبائی جنرل سیکرٹری نے مزید کہا کہ بلوچستان اور کراچی میں سی آئی اے ، ایم آئی 6اور راہ کے ساتھ ساتھ ملک دشمن قوتیں بھی شامل ہیں ، ہم محب وطن ہیں ایم کیو ایم کی طرح احتجاج اور قتل و غارت کے قائل نہیں ہم ملک میں امن ، خوشحالی اور ترقی کے خواہاں ہیں ، انہوں نے کہا حلقہ این اے 63کے ضمنی الیکشن میں اپنی مرکزی قیادت سے مشاورت کے بعد پی ٹی آئی کے امیدوار چوہدری فواد حسین کی حمایت کا فیصلہ کیا ہم سمجھتے ہیں کہ چوہدری فواد حسین پڑھے لکھے اور باشعور انسان ہیں جو حلقہ این اے 63سمیت ملکی مسائل پر بہتر طریقے سے عوام کی ترجمانی کر سکتے ہیں ، نیشنل ایکشن پلان کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت المسلمین کے لوگ اور قائدین تھے جو کہتے تھے کہ دہشت گردوں سے مزاکرات نہیں ہو سکتے ، افسوس کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدارآمد اسطرح نہیں ہو رہا جس طرح ہونا چاہیے تھا ہمارے لوگوں کو شیڈول فورتھ میں شامل کیا جا رہا ہے اور جب معلوم کیا جاتا ہے تو کہا جاتا ہے بیلنس کر رہے ہیں ،نیشنل ایکشن پلان اب بیلنس کی پالیسی پر چل رہا ہے جہاں آپریشن ہونا چاہیے تھا وہاں آپریشن نہیں ہو رہا ، پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے امیدوار چوہدری فواد حسین نے کہا کہ مجلس وحدت المسلمین ملکی سیاست میں نہایت اہمیت کی حامل ہے یہ ایک منظم اور اہم سیاسی قوت ہے جس کا تمام اضلاع میں اچھا خاصا ووٹ بنک ہے پاکستان تحریک انصاف مجلس وحدت المسلمین کی طرف سے حمایت کرنے ان کی مشکور ہے انشاء اللہ منتخب ہونے کے بعد ان کے اعتماد پر پورا اتروں گا ، فواد حسین چوہدری نے مسلم لیگ (ن) پر الزامات کی بھوچھاڑ کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی جماعت نے پری پول دھاندلی کی انتہا کر دی ہے ، پنجاب حکومت نے چالیس سے زائد سیکرٹری ، مشیران اور ایم این ایز ، ایم پی ایز حلقہ این اے 63کے ضمنی الیکشن میں مہم کے لیے بھیجے ہوئے ہیں گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے ضلعی انتظامیہ ان کے قیام و طعام کا اہتمام کر رہی ہے ، ڈی سی او ، اسسٹنٹ کمشنرز ، تحصیلدار ، ٹی ایم اوز، پٹواری سب نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کے لیے مہم شروع کی ہوئی ہے ، چیرمین یونین کونسلز کو پچیس پچیس لاکھ روپے جب کہ اب کونسلرز کو پچاس پچاس لاکھ روپے گرانٹ دینے کا لالی پاپ دیا گیا ہے ، ترقیاتی کام کے لیے بلال ٹاؤن میں پائپ پہنچا دئیے گئے ہیں ، میں نے الیکشن کمیشن کو تحریری طور پر کہاہے کہ ہونے دیں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اگر ’’ فواد چوہدری ‘‘ کی وجہ سے لوگوں کے کام ہو رہے ہیں تو ہونے دیں ، اگر کونسلرز کو پچاس پچاس لاکھ روپے کا لالی پاپ دیا گیا ہے تو میں خوش ہوں اکتیس تاریخ سے قبل ان کو سکیمیں دی جائیں تاکہ عوامی مسائل کسی نہ کسی وجہ سے حل ہوجائیں ، چوہدری فواد حسین نے کہا کہ میری خواہش تھی کہ حکومت جہانگیر ترین کے ضمنی الیکشن کی طرح حلقہ این اے 63کے ضمنی الیکشن کے لیے بھی کسی پیکج کا اعلان کرتی لیکن افسوس کہ جہلم کے منتخب نمائندے اور امیدوار کوئی پیکج منظور کروانے میں ناکام رہے ، فواد چوہدری نے کہا کہ جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت نے جہلم میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کی حمایت کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر پی ٹی آئی کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے ، پاکستان عوام تحریک جہلم میں پہلے ہی میری حمایت کا اعلان کر چکی ہے ، پاکستان پیپلز پارٹی کے عہدہ داران بھی ہماری مہم چلا رہے ہ یں اور اب مجلس وحدت المسلمین کی طرف سے حمایت کے اعلان پر ان کا مشکور ہوں ، انہوں نے کہا اکتیس اگست پولنگ والے دن پاک فوج کے جوان اور افیسران اپنے فرائض سرانجام دیں گے انشاء اللہ دھاندلی نہیں ہونے دیں گے ہم نے حکمت عملی تیار کر لی ہے عوام باشعور اور سمجھدار ہے ہم انشاء اللہ اکتیس اگست کو جشن آزادی جہلم منائیں گے ۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -