فیصل بینک کا میری ایڈلیڈ لیپروسی سینٹر کے ساتھ تعلقات کا اعادہ

فیصل بینک کا میری ایڈلیڈ لیپروسی سینٹر کے ساتھ تعلقات کا اعادہ

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)میری ایڈلیڈ لیپروسی سینٹر کی بانی، ڈاکٹر رُتھ فاؤ نے فیصل بینک لمیٹڈ کی خصوصی دعوت پر اپنے سینئر فکیلٹی ممبران کے ہمراہ فیصل ہاؤس کا دورہ کیا۔فیصل بینک کے صدر اور سی ای او نعمان انصاری نے گرم جوشی سے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر فیصل بینک کے ہیومن ریسورسز کے ہیڈ محمد معراج الدین احمد اور ہیڈ ایچ آر ایڈوائزری ، لرننگ اینڈ CSR/ICمس رابعہ صلاح الدین بھی موجود تھیں۔فیصل بینک لمیٹڈ نصف دہائی سے گلگت بلتستان میں ٹی بی کے خاتمے کیلئے میری ایڈلیڈ لیپروسی سینٹر کے ساتھ باہمی اشتراک سے کام کر رہا ہے۔میری ایڈلیڈ لیپروسی سینٹر نے خار مونگ، رونڈو، شگار، اسکردو وغیرہ میں میڈیکل یونٹس قائم کئے ہیں جہاں ٹی بی کے کئی مریضوں کا کامیابی سے علاج کیا جا چکا ہے۔اس میٹنگ میں ڈاکٹر رُتھ فاؤ نے نا صرف میری ایڈلیڈ لیپروسی سینٹر کی پاکستان میں کامیابیوں کا ذکر کیا بلکہ انہوں نے پاکستان میں 160سے زائد کنٹرول سینٹروں پر برص، نابینا پن، ٹی بی، معذوریت اور بحالی کے پروگرامز وغیرہ پر فراہم کی جانے والی وسیع میڈیکل سہولتوں کا کھل کر ذکر کیا۔انہوں نے کہا، ’’ اگر ہم صرف آگاہی کے پروگراموں کے ذریعے غربت کے خاتمے کے ساتھ ساتھ تعلیمی اور معاشی حالت بہتر بنالیں تو احتیاطی تدابیر کی مدد سے بڑی اور خطرناک بیماریوں کا سد باب کیا جا سکتا ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا، ’’سماجی طور پر ذمہ دار کارپوریٹ ادارے جیسے فیصل بینک سماجی اداروں کی ملک کے غریب طبقے کی بحالی کیلئے مدد کر کے اہم ترین خدمت سر انجام دے رہے ہیں‘‘۔انہوں نے بینک کے وقت، مالی امداد اور تعاون کو بے حد سراہا۔فیصل بینک کے صدر اور سی ای او نعمان انصاری نے اس موقع پر ڈاکٹر رُتھ فاؤ کو امدادی چیک پیش کرتے ہوئے کہا، ’’پاکستان حقیقی طور پر ایک خوش قسمت ملک ہے جہاں ہمیں ڈاکٹر رُتھ فاؤ جیسی حقیقی رول ماڈلز کی خدمات دستیاب ہیں، انسانیت کی خدمت کیلئے جن کا ایثار اور عزم کسی ہیرو کے جذبے سے کم نہیں‘‘۔دونوں اداروں کے افسران کے مابین مقامی آبادی کی صحت مند اور بہتر زندگی کو ممکن بنانے کیلئے مدد کرنے کے ایک معاہدے پر مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -