اوپن یونیورسٹی درست سمت میں رواں دواں ہے،بلیغ الرحمن

اوپن یونیورسٹی درست سمت میں رواں دواں ہے،بلیغ الرحمن

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ملک بھر میں فروغ تعلیم و تربیت کے لئے کئے جانے والے اقدامات اور سٹوڈنٹ سپورٹ نظام کو سراہا اور یونیورسٹی کی مجموعی ترقی کے لئے شروع کئے گئے تمام نئے اقدامات کی توثیق کردی۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس آج یونیورسٹی کے مین کیمپس میں منعقد ہوا جس کی صدارت کمیٹی کے چئیرمین ٗ کرنل ڈاکٹر امیراﷲ مروت نے کی۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے تعلیم و تربیت ٗ محمد بلیغ الرحمن اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چئیرمین ٗ ڈاکٹر مختار احمد بھی شریک تھے۔ اجلاس میں شریک تمام اراکین نے یونیورسٹی کی کارکردگی ٗ اہداف اور کامیابیوں پر وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کی بریفنگ کو سراہا۔ انہوں نے یونیورسٹی کے "تعلیمی ٹی وی چینل"کے قیام اوردینی مدارس کے طلبہ کو قومی دھارے میں لانے جیسے مستقبل کے اقدمات میں بھر پور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے قائمہ کمیٹی نے یونیورسٹی کے تدریسی ٗ مانیٹرنگ اور امتحانی نظام میں بہتری لانے کے لئے چند تجاویز بھی دیں۔ انہوں نے تعلیم کے معیار میں اضافے اور علاقائی نیٹ ورک کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا۔ اختتامی کلمات میں قائمہ کمیٹی کے چئیرمین نے کہا کہ ہم اوپن یونیورسٹی کی مجموعی کارکردگی اور تعلیمی شعبے میں کامیابیوں سے خوش اور مطمئن ہیں۔ وزیر مملکت برائے تعلیم ٗ بلیغ الرحمن نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی درست سمت کی جانب رواں دواں ہے اور ماضی کی بعض کمزوریوں پر قابو پایا گیا ہے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -