ضلعی انتظامیہ کی کانگو وائرس کی روک تھام کیلئے جامع حکمت عملی تیار

ضلعی انتظامیہ کی کانگو وائرس کی روک تھام کیلئے جامع حکمت عملی تیار

  

ملتان( سپیشل رپورٹر ) ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر ملتان نادر چٹھہ نے کہا ہے کہ ضلعی حکومت نے عید الضحیٰ کے موقع پر کانگو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کر لی ہے ۔ شہر کی حدود میں ایک جانور بھی داخل نہیں ہونے دیں گے، شجاع آباد اور جلالپور سمیت شہری علاقوں کے باہر 6 بکر منڈیاں قائم کی جائیں گی جہاں جانوروں پر خصوصی سپرے کر کے چیچڑوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔(بقیہ نمبر10صفحہ12پر )

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈی سی او آفس میں منعقدہ کانگو وائرس کے تدارک اور بکر منڈیوں کے قیام کے سلسلے میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر منظر جاوید اور ایم پی اے مہدی عباس لنگاہ بھی موقع پر موجود تھے۔ڈی سی او نادر چٹھہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال ملتان میں کانگو وائرس پھیلنے کا کوئی خطرہ نہیں۔ تمام محکموں کو ریڈ الرٹ کرتے ہوئے شہر کے داخلی راستوں پر خصوصی سکریننگ کیمپ لگا دیے گئے ہیں ‘ ہر مویشی سے لدی گاڑی پر سپرے کر کے خصوصی ویکسی نیشن کے بعد خصوصی سٹیکر جاری کیا جائے گا جس کے بعد ہی مویشی کو منڈی میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ نادر چٹھہ نے کہا کہ ضلعی حکومت نے ہزاروں حفاظتی کٹ تیار کی ہیں جو کہ ہر بکر منڈی میں دستیاب ہوگی شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ جانور کی خرید اور قربانی کے وقت تمام احتیاطی تدابیر اپنائیں۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے محکمہ لائیو سٹاک کے آفیسرز نے بتایا کہ تمام بکرمنڈیوں میں ہر جانور کو خصوصی طور پر تیار کردہ خندقوں سے گزارا جائے گا جس کے باعث خصوصی کیمیکل کے ذریعے چیچڑ ختم ہو جائیں گے۔ بکرمنڈیوں کے اطراف کو مکمل طور پر بند رکھا جائے گا تاکہ کوئی مویشی بغیر سکریننگ داخل نہ ہوسکے۔ اجلاس میں کانگو کے تدارک کیلئے خصوصی انتظامات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔

کانگو

مزید :

ملتان صفحہ آخر -