نیو جرسی میں پولیس اہلکار نے جان خطرے میں ڈال کرریلوے ٹریک پرخودکشی کرنیوالے شخص کو بچا لیا
نیو جرسی (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی ریاست نیو جرسی میں ریلوے پولیس اہلکار نے اپنی جان پر کھیل کر خودکشی کرنے کیلئے ریلوے ٹریک پر آئے شخص کو بچا لیا ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے بی سی نیوز کے مطابق واقعہ ریاست نیو جرسی میںریلوے ٹریک پر پیش آیاجہاں ایک شخص نامعلوم وجوہات کی بناءپر ریلوے ٹریک پر لیٹ گیااور خودکشی کرنے کی کوشش کی مگر نیو جرسی ریلوے پولیس اہلکار نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر اسے ٹرین کی زد میں آنے سے بچا لیا ۔ واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی جس کے بعد پوری دنیا سے اس بہادر پولیس اہلکار کے لیے لوگوں کے نیک پیغامات آنے لگے ہیں ۔
پولیس افسر وکٹر اورٹزعام طور پر رات کی شفٹ میں ڈیوٹی سرانجا م دیتا ہے مگر واقعے کے روز اسے صبح کے اوقا ت میں فرائض سرانجام دینے کیلئے اوور ٹائم پر روکا گیا تھا کہ صبح کے اوقات میں ہی یہ واقعہ پیش آگیا ۔
پولیس افسر کا کہنا ہے کہ اسے ایک کال موصول ہوئی کہ ایک شخص ٹرین کے آگے لیٹ کر خودکشی کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس پر وہ معلومات دینے والے شخص کے ساتھ اس جگہ پر پہنچا تو ٹریک پر لیٹے شخص نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا ”آپکو کس نے بتایا ہے “ ۔
پیپلزڈیلی چائنہ کے مطابق پولیس افسر کا کہنا تھا کہ اس نے شہری کو پہلے پیار سے سمجھانے کی کوشش کی مگر اس نے پلیٹ فار م سے ریلوے ٹریک پر چھلانگ لگا دی جس پر پولیس اہلکار نے ٹرینوں کی آمدورفت رکوانے کیلئے ڈسپیچر سے رابطہ کیا اور ٹریک پر جا کر اسے اٹھانے کی کوشش کی مگر اس نے دوسرے ٹریک پر دوڑنا شروع کر دیا اور اونچی آواز میں نعرے لگانے لگا کہ ”میں مرنا چاہتا ہوں “جبکہ اتنے میں دور سے ٹرین آتی ہوئی دکھائی دینے لگی جسے دیکھ کر وہ شخص ٹریک پر لیٹ گیا ۔
پولیس اہلکار نے مزید کہا کہ ٹرین کو دیکھ کر اس نے شہری کو ٹریک سے کھینچ کر ہٹانے کی بہت کوشش کی مگر وہ مزاحمت کرتا رہا مگر اس نے ہمت نہ ہاری اور بالآخر ٹرین کے گزرنے سے چند سیکنڈ پہلے اس نے شہری کو ٹریک سے کھینچ کر مرنے سے بچا لیا ۔