ہائی کورٹ،ایم کیو ایم پر پابندی کی درخواست پر یکم ستمبر سے سماعت ہو گی
لاہور (نامہ نگار خصوصی)لاہورہائیکورٹ کے چیف جسٹس مسٹر جسٹس منصور علی شاہ ایم کیوایم کی بطور سیاسی جماعت رجسٹریشن کی منسوخ کے لئے دائر درخواست کی یکم ستمبر کو سماعت کریں گے۔
مقامی وکیل آفتاب ورک کی طرف سے دائر اس درخواست پر اس سے قبل عدالت عالیہ کے رجسٹرار آفس سے اعتراض لگا دیا تھا، جس کے بعد درخواست گزار وکیل نے اعتراض کو دور کرتے ہوئے مطلوبہ تقاضے پورے کردیئے۔ لاہور ہائیکورٹ آفس نے بھی درخواست پر اعتراض دور کردیا جس کے بعد یکم ستمبر کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ درخواست کی سماعت کریں گے۔دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئین کے تحت سیاسی جماعت کامحب وطن ہوناضروری ہے اور ایم کیوایم قائد کے بیانات سے ثابت ہوچکا ہے کہ ایم کیو ایم محب وطن جماعت نہیں اور اس کا وجود ملکی سا لمیت کے لئے نقصان دہ ہے، اس لئے اس کی رجسٹریشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔