تربیلا ڈیم چوتھے توسیعی منصوبے کا 87فیصد کام مکمل ، فروری میں پیداوار شروع
لاہور(کامرس رپورٹر) تربیلا ڈیم چوتھے توسیعی منصوبے کا 87 فیصد کام مکمل ہو گیا ہے آئندہ سال فروری میں یونٹ 17سے بجلی کی پیدوار شروع ہوجائے گی۔ منصوبہ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر سہیل خان کے مطابق یونٹ 16سے 470 میگاواٹ بجلی کی پیداواراپریل جبکہ یونٹ 15سے پیداوار 30مئی تک شروع ہوجائیگی۔دسمبرتک منصوبے کا ڈرائی جبکہ جنوری میں ویٹ ٹیسٹ ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ چوتھے توسیعی منصوبہ سے قومی گرڈٖمیں 1410میگاواٹ بجلی کا اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ یونٹ 17کے سپائرل کیس اورپٹ لائنر کاکام پہلے سے ہی مکمل کیا جاچکاہے، پاورہاوس میں دوٹرانسفرمروں کی تنصیب کا عمل مکمل ہوچکا ہے جبکہ تیسرے ٹرانسفرمر کی تنصیب کا عمل جاری ہے، اس کے ساتھ ساتھ ٹرانسمیشن لائن کے قیام کاکام بھی تیزی سے جاری ہے، اس وقت تربیلا ڈیم کی پیداواری استعداد 3478میگاواٹ ہے اورتین یونٹوں کی تکمیل کے بعد پیداواری استعداد 4888 میگاواٹ تک پہنچ جائے گی۔اس منصوبہ پر 920 ملین ڈالر کا تخمینہ ہے جن میں سے 840 ملین ڈالر عالمی بنک نے فراہم کئے ہیں جبکہ باقی 80 ملین ڈالر واپڈا نے فراہم کئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس منصوبہ سے نہ صرٓف سستی بجلی فراہم ہوگی بلکہ اس سے سالانہ 30.7ارب روپے کا فائدہ پہنچے گا ،اس منصوبہ پر آنے والے اخراجات تین سالوں میں پورا ہوسکیں گے۔