پاکستان کرکٹ کیلئے محفوظ ملک ہے : مکی آرتھر

پاکستان کرکٹ کیلئے محفوظ ملک ہے : مکی آرتھر
 پاکستان کرکٹ کیلئے محفوظ ملک ہے : مکی آرتھر

  

لاہور (سپورٹس رپورٹر )پاکستانی کرکٹ ٹیم کےٍ

ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ آئندہ تین ماہ میں غیر ملکی ٹیموں کا دورہ کرنا پاکستان کرکٹ کیلئے خوش آئند ہے ، ورلڈ الیون، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے پاکستان آنے سے دیگر بین الاقوامی کرکٹ ٹیموں کو اعتماد ملے گا اور وہ بھی پاکستان کا دورہ کریں گی ،مکی آرتھر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ و رلڈ الیون، سری لنکا اور پھر ویسٹ انڈیز کا پاکستان آنا بڑی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس سے تمام بین الاقوامی ٹیموں کی پاکستان آمد کی راہ ہموار ہوگی، انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہترین موقع ہے کہ ہم دنیا کو یہ بتاسکیں کہ پاکستان کرکٹ کیلئے ایک محفوظ ملک ہے اور یہاں کے لوگوں میں کرکٹ کا غیرمعمولی جوش وخروش پایا جاتا ہے،انھوں نے کہا کہ ان دوروں سے پاکستانی نوجوانوں کو اپنے ہیروز کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملے گا جبکہ کرکٹرز کو بھی اپنی فیملیز اور دوستوں کے سامنے کھیلنے کا موقع ہاتھ آئے گا جس سے وہ ایک طویل عرصے سے محروم رہے ہیں،مکی آرتھر نے کہا کہ وہ خود پرجوش ہیں کہ انھیں پاکستانی سر زمین پر پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کا موقع مل رہا ہے، وہ اور تمام کھلاڑی اس دورے کی تیاری کرتے آئے ہیں اور انھیں پورا یقین ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو دیکھنے کے لیے شائقین بڑی تعداد میں سٹیڈیم آئیں گے،پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ پاکستان کے پاس چند انتہائی باصلاحیت نوجوان کرکٹرز موجود ہیں جنھیں ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ میں زیادہ سے زیادہ مواقع دینے کی ضرورت ہے،مکی آرتھر نے سینئرز کھلاڑیوں کے مستقبل کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہر وہ کھلاڑی جو چیمپیئنزٹرافی کا فائنل کھیلا ہے وہ انھیں اگلے ورلڈ کپ تک موجود دکھائی دے رہا ہے تاہم مقابلہ سخت رہے گا اور کارکردگی کو کلیدی حیثیت حاصل رہے گی،پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کو توقع ہے کہ مصباح الحق اور یونس خان کی ریٹائرمنٹ کے بعد یہی وہ وقت ہے کہ اظہر علی اور اسد شفیق ذمہ داری سنبھالیں اور نوجوان کرکٹرز کو بھی اپنے ساتھ تیار کریں،مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ تینوں فارمیٹس میں ایک ہی کپتان ہونے کی وجہ سے منصوبہ بندی میں بہت آسانی رہے گی، سرفراز احمد جارحانہ حکمت عملی کے حامل کپتان ہیں اور ان کی کپتانی میں پاکستانی کرکٹ محفوظ ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی