اسلام آباد چیمبر کے وفد کا پاکستان آرڈننس فیکٹری کا دورہ ، ایم ڈی کی بریفنگ
واہ کینٹ( آن لائن ) واہ انڈسٹریز لمیٹڈ کی دعوت پر اسلام آباد چیمبر کے وفد نے سینئر وائس پریذیڈنٹ خالد ملک کی سربراہی میں پاکستان آرڈننس فیکٹریز کے کمرشل یونٹس بشمول واہ برا س مل، میٹریل ٹیسٹنگ لیب، سکریپ یارڈ اور کلودنگ فیکٹری کا دورہ کیا۔ واہ انڈسٹریز لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر حشمت حسین نے اسلام آباد چیمبر کے وفد کو تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ واہ انڈسٹریز لمیٹڈ پی او ایف کی ایک کمرشل ونڈو ہے اس کے ذمہ پی او ایف کی فاضل پیداوار کو اندرون ملک فروخت کرنا ہے اور پچھلی کئی دہائیوں سے واہ انڈسٹریز لمیٹڈ پی او ایف کی کمرشل مصنوعات کو فروخت کرنے میں سرگرم عمل ہے۔ اس موقع پرممبر پی او ایف بورڈعبدالعزیز شیخ نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پی او ایف کی مصنوعات کا معیار کسی بھی بین الاقوامی کمپنی کے معیار سے کم نہیں ہے ۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ پی او ایف مصنوعات کو ترجیح دیں تاکہ ملک کی دفاعی صنعت مستحکم ہو اور اس کے ساتھ ساتھ غیر ملکی زر مبادلہ کی بھی بچت ہو سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پی او ایف اور ذیلی اداروں کی تمام مصنوعات کے معیار کا خاص خیال رکھا جاتا ہے اور کوالٹی پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جاتا۔عبدالعزیز شیخ نے اسلام آباد چیمبر کو واہ انڈسٹریز لمیٹڈ کے منصوبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کی بھی دعوت دی۔ اسلام آباد چیمبرکے سینئر وائس پریذیڈنٹ خالد ملک نے اس موقع پر کہا کہ پی او ایف مصنوعات کا اعلیٰ معیار کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے ۔ اسلام آباد چیمبر واہ انڈسٹریز لمیٹڈ کی مصنوعات کو سول مارکیٹ میں متعاآف کرانے اور ان اشیاء کے فروخت میں بھر پور مدد کرے گی۔ وفد نے پراڈکٹ ڈسپلے لاؤنج کا بھی دورہ کیا اور پی او ایف کی مصنوعات کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔