پی او اے کانیشنل گیمز شیڈول کے مطابق 7اکتوبرکو کروانے کا اعلان

پی او اے کانیشنل گیمز شیڈول کے مطابق 7اکتوبرکو کروانے کا اعلان

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن نے 33ویں نیشنل گیمز کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے نیشنل گیمز شیڈول کے مطابق 7اکتوبر سے کوئٹہ میں ہی منعقد کروانے کا اعلان کیا ہے ۔ اس بات کا فیصلہ پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن کے سیکرٹری خالد محمود کی صدارت میں نیشنل گیمز کے انعقاد کے حوالے سے ہونیوالے سپورٹس فیڈریشنز کے سیکرٹریز کے اجلاس میں کیا گیا۔

جس میں نیشنل گیمز کے کامیاب انعقاد کیلئے مختلف سفارشات کا جائزہ بھی لیا گیا ۔ اجلاس میں نیشنل گیمز میں شامل مختلف کھیلوں کے ویننوز ، آلات اور دیگر امور پر تفصیلی غور کرنے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل گیمز میں شامل سوئمنگ، روئنگ اور ہینڈ بال کے مقابلے اسلام آباد میں منعقد کئے جائینگے جبکہ شوٹنگ کا ایونٹ جہلم یا کراچی میں منعقد کیا جائے گا ۔ اسحوالے سے سیکرٹری پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن خالد محمو د کا کہنا تھا کہ نیشنل گیمز کے شاندار انعقاد سے ایک مثبت پیغام جائے گا جبکہ ان گیمز میں 4ہزار سے زائد اتھلیٹس اور 1ہزارآفیشلز ایکشن میں دکھائی دینگے ۔ انہوں نے بتایا کہ عید الالضحی کی تعطیلات کے بعد نیشنل گیمز کے شیڈول کو حتمی شکل دینے کیلئے ایک اور اجلاس منعقد کیا جائے گا جبکہ صوبائی حکومت نے بھی گیمز کے کامیاب انعقاد کیلئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی