امریکی دھمکیوں پر عسکری اور سیاسی قیادت کے موقف نے قوم کا دل جیت لیا

امریکی دھمکیوں پر عسکری اور سیاسی قیادت کے موقف نے قوم کا دل جیت لیا

اسلام آباد(کامرس ڈیسک)ایف پی سی سی آئی کی ریجنل کمیٹی برائے صنعت کے چئیرمین عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے امریکہ دھمکیوں کے بعد عسکری اور سیاسی قیادت کے اصولی اور جرات مندانہ موقف نے قوم کا دل جیت لیا ہے جبکہ اس سے بین الاقوامی طور پر پاکستان کی ساکھ میں اضافہ ہوا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دنیا بھر، جنوبی ایشیاء اور آئی ایم ایف سمیت اہم بین الاقوامی اداروں میں گھٹتے ہوئے امریکہ اثر رسوخ سے بوکھلاگئے ہیں اور افغانستان میں اپنی فوج کی ناکامی کا ملبہ پاکستان پر ڈال رہے ہیں۔ امریکہ کو نتائج کی ضرورت ہے تو اپنی پالیسیوں میں بنیادہ تبدیلی لائے۔عاطف اکرام شیخ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ امریکی دھمکی پر سب سے پہلے بری افواج کے سربراہ نے جنرل قمر جاوید باجوہ نے ردعمل ظاہر کیاجسکے بعد وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی اپنا ردعمل ظاہر کیا۔پاکستان کی جانب سے امریکہ پالیسی مسترد کئے جانے کے بعدامریکہ پر واضع ہو گیا ہے کہ وہ اب ہمارے لئے اتنا اہم نہیں رہا جتنا پہلے کبھی تھا اور ہم کبھی ایسی امریکہ پالیسی کو قبول نہیں کریں گے جو ہمارے مفادات کے خلآف ہو۔انھوں نے کہا کہ چین پاکستان میں پچاس ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کر رہا ہے جبکہ سفارتی محاز پر چین روس اور دیگر ممالک پاکستان سے ہر ممکن تعاون کر رہے ہیں اس لئے امریکہ کی جانب سے امداد کی بندش ہمارے لئے کوئی معنیٰ نہیں رکھتی۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان کمزور ملک نہیں ہے اور نہ ایٹم بم اور ایٹمی میزائل نمائش کیلئے بنائے ہیں اور یہ کہ کاروباری برادری حکومت کی جانب سے امریکہ سے طے شدہ مزاکرات اور اعلیٰ حکام کے دورے معطل کرنے کے اقدام کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔

مزید : کامرس