بھارت کے خلاف مایوس کن کارکردگی، سری لنکن سلیکشن کمیٹی مستعفی

بھارت کے خلاف مایوس کن کارکردگی، سری لنکن سلیکشن کمیٹی مستعفی
 بھارت کے خلاف مایوس کن کارکردگی، سری لنکن سلیکشن کمیٹی مستعفی

  

کولمبو (نیٹ نیوز) بھارت کے خلاف رواں ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز میں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے پیش نظر سنتھ جے سوریا کی سربراہی میں قائم سری لنکن سلیکشن کمیٹی مستعفی ہو گئی۔ بھارت کو سری لنکا کے خلاف پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ سلیکشن کمیٹی پہلے ہی بھارت کے خلاف شیڈول آخری دو ون ڈے اور واحد ٹی ٹونٹی میچ کیلئے سکواڈز کا اعلان کر چکی ہے تاہم ضرورت پڑنے پر وہ ٹیم میں اضافے یا ردوبدل کا اعلان کر سکتے ہیں۔ سری لنکا کرکٹ بورڈ نے دو ماہ قبل سلیکشن کمیٹی کی مدت میں چھ ماہ کی توسیع کی تھی تاہم اب سلیکشن کمیٹی بھارت کے خلاف سیریز ختم ہونے کے بعد مستعفی ہو جائے گی۔ سری لنکا وزارت کھیل کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق جے سوریا کی سربراہی میں قائم پوری سلیکشن کمیٹی نے مستعفی ہونے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے، تمام اراکین نے مشترکہ لیٹر کے ذریعے ہمیں اپنے فیصلے کے بارے آگاہ کر دیا ہے، لیٹر کے تحت ان کی مدت 7 ستمبر کو ختم ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ سری لنکا کو 2019ء میں شیڈول آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ تک براہ راست رسائی کا چیلنج درپیش ہے، آئی لینڈرز کو میگا ایونٹ میں براہ راست جگہ بنانے کیلئے بھارت کے خلاف رواں سیریز میں کم از کم دو فتوحات درکار ہیں تاہم اسے ابتدائی تینوں میچز میں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی