نیتھن کے 6شکار، آسٹریلیا کی بنگلہ دیش کے خلاف پوزیشن مستحکم

نیتھن کے 6شکار، آسٹریلیا کی بنگلہ دیش کے خلاف پوزیشن مستحکم

ڈھاکہ(نیٹ نیوز ) نیتھن لیون کی جادوئی اور تباہ کن سپن باؤلنگ کی بدولت آسٹریلیا کی بنگلہ دیش کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں پوزیشن مستحکم ہو گئی، آسٹریلیا نے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنا لئے تھے، کینگروز کو فتح کیلئے مزید 156 رنز اور بنگال ٹائیگرز کو 8 وکٹوں کی ضرورت ہے، ڈیوڈ وارنر 75 اور کپتان سٹیون سمتھ 25 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، قبل ازیں بنگلہ دیشی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 221 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور اس نے کینگروز کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 265 رنز کا ہدف دیا، تمیم اقبال 78 رنز بنا کر نمایاں رہے، لیون نے غیرمعمولی باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا۔منگل کو پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز بنگلہ دیشی ٹیم نے 45 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر اپنی دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو تمیم اقبال 30 رنز پر کھیل رہے تھے، تمیم اقبال کے سوا بنگال ٹائیگرز کا کوئی بھی کھلاڑی نیتھن لیون کی اڑتی اور گھومتی ہوئی گیندوں کا سامنا نہ کر سکا، 5 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکا، تمیم 78 رنز بنا کر نمایاں رہے، تیجل اسلام 4، امرالقیس 2، کپتان مشفق الرحیم 41، شکیب الحسن 5، صابر رحمان 22، ناصر حسین صفر، مہدی حسن میراز 26 اور شفیع الاسلام 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، لیون نے 6 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا، آشٹن ایگر نے 2 اور پیٹ کمنز نے ایک وکٹ لی۔جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 109 رنز بنا لئے تھے، کینگروز کو کامیابی کیلئے مزید 156 رنز اور بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں کی ضرورت ہے، میٹ رینشا 5 اور عثمان خواجہ 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، وارنر 75 اور سمتھ 25 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، شکیب الحسن اور مہدی حسن نے ایک، ایک وکٹ لی۔

 

مزید : کھیل اور کھلاڑی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...