قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ پنجاب کے سیشن ججوں کے اجلاس کا نوٹس لیں

قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ پنجاب کے سیشن ججوں کے اجلاس کا نوٹس لیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگار خصوصی ) لاہورہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے ہائی کورٹ ملتان بار کے صدر شیر زمان قریشی کی توہین عدالت کے معاملہ پر پنجاب کے سیشن ججوں کی طرف سے اجلاس منعقد کرنے پرقائم مقام چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ شاہد حمید ڈار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چودھری ذوالفقار علی ،سیکرٹری عامر سعید راں اورفنانس سیکرٹری محمدفنانس ظہیر بٹ نے 28اگست کو پنجاب جوڈیشل اکیڈمی لاہور میں پنجاب بھر کے سیشن ججوں کے اجلاس کی مذمت کرتے ہوئے اس اجلاس کووکلا ء اور ججز کے تنازع پر جلتی پر آگ ڈالنے کی بھونڈی کوشش قرار دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ سیشن ججز اس وقت کہاں تھے جب ایک آمر نے عدلیہ کو اپنے بوٹوں تلے روندنے کی کوشش کی ،یہی وکلاء جن کو اب عدلیہ اپنا دشمن سمجھتی ہے اپنے مال ،جان اور اہلِ خانہ کی فکر کو نظر انداز کر کے پولیس کی وحشیانہ بربریت اور قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کرتے رہے۔عدلیہ کو آزاد کرایا اور اب بھی اس کی عزت و توقیر میں اضافہ کرانے میں ممدو معاون ہیں اور بار اور بنچ کے درمیان اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس شاہد حمید ڈار سے درخواست کی کہ جو سیشن ججز مذکورہ اجلاس میں شریک ہوئے ان کے خلاف فوری انضباطی کاروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ اب جبکہ ملک بھر کی وکلاء برادری گھر کے اندر کی لڑائی کو افہام و تفہیم سے نمٹانے لئے مصروفِ عمل ہے ،ایسے میں سیشن جج اپنے نمبر ٹانکنے میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ججوں کو سیاست کا اتنا ہی شوق ہے تو اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے کر میدان میں آئیں ہم ان کوخوش آمدید کہیں گے ،تب انہیں اپنی اوقات کا پتہ چل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گریڈ 17اور اس سے اوپر کے افسران کو آئین و قانون کے تحت تنظیم سازی کی اجازت نہ ہے۔
نوٹس

مزید :

علاقائی -