پرچے آؤٹ ہونے کیخلاف درخواست پر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو نوٹس

پرچے آؤٹ ہونے کیخلاف درخواست پر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو نوٹس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کے میڈیکل کالجوں میں داخلوں کے لئے ہونے والے انٹری ٹیسٹ کے پرچے آؤٹ ہونے کے خلاف درخواست پر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیاہے ۔جسٹس شاہد وحید نے ماہم خان اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے 4 مئی کو انٹری ٹیسٹ کے شیڈول کا اعلان کیا۔20 اگست کو سرکاری میڈیکل کالجوں میں داخلوں کے لئے انٹری ٹیسٹ ہونا تھے، داخلوں کے خواہش مند طالب علموں کو پابند کیا گیا کہ وہ داخلوں سے قبل اس امتحان کو پاس کریں تاہم یونیورسٹی انتظامیہ رجسٹرار اور ایڈمنسٹریٹر کی غفلت اور ملی بھگت سے انٹری ٹیسٹ کا پرچہ قبل از وقت آوٹ ہوگیا۔درخواست گزار وکیل نے خدشہ ظاہر کیا کہ پرچہ آؤٹ ہونے سے درجنوں طالب علموں کا مستقبل تاریک ہو سکتا ہے، درخواست گزار نے عدالت عالیہ سے استدعا کی کہ انٹری ٹیسٹ کے نتائج کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے اور انٹری ٹیسٹ کے پرچے آؤٹ کرنے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے ۔عدالت نے اس نوعیت کے تمام کیسز یکجا کر نے کی ہدایت کرتے ہوئے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں ،یادرہے کہ عدالت پہلے ہی انٹری ٹیسٹ کے نتائج پر عمل درآمد روک چکی ہے۔

مزید :

علاقائی -