لاہور ڈویژن میں 1546ترقیاتی سکیمیں منظور

لاہور ڈویژن میں 1546ترقیاتی سکیمیں منظور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر،نمائندہ پاکستان) لاہور ڈویژن کے 25 حلقوں میں 1546 ترقیاتی سکیموں کی منظوری دے دی گئی ہے۔منظوری گزشتہ روزکمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں دی گئی ان سکیموں میں سے زیادہ تر کا تعلق وزیر اعظم گلوبل اہداف پروگرام سے ہے جن پر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے لیے قائم کردہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ ٹیموں کو بھی زیادہ سے زیادہ فعال بناے کا فیصلہ کیا گیا۔گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں کمشنر نے کہا کہ وزیراعظم گلوبل اہداف پروگرام کے تحت 2017-18 کی ترقیاتی اسکیموں میں کام کی رفتار اور معیار کو طے کردہ اہداف کے تحت حاصل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم گلوبل اہداف پروگرام کے تحت ترقیاتی اسکیموں کی مانیٹرنگ صوبہ کی سطح کے علاوہ وفاق سے بھی ہورہی ہے۔اس لیے ڈسٹرکٹ سطح پر مانیٹرنگ کے نظام کو مکمل فعال رکھا جائے اور اعدادوشمار کو باقاعدگی سے اپ لوڈ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 2016-17 کی ترقیاتی اسکیموں کے جائزہ کی طرح 2017-18 کی اسکیموں کا بھی باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل کی ہدایت پر ڈویژنل انٹر کوآرڈینیشن کمیٹی برائے وزیراعظم گلوبل اہداف پروگرام اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے گزشتہ روزکمشنر آفس میں ایم این اے بلال ورک نے کمیٹی میں2017-18 کے لیے پیش کردہ ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لیا۔ ڈویژنل انٹر کوآرڈینیشن کمیٹی نے لاہور ڈویژن کے 25 حلقوں میں سے 15 حلقوں کی پیش کردہ اسکیموں کو منظور کیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعظم گلوبل ترقیاتی اہداف کے تحت 1546 اسکیمیں شناخت کی گئیں ان میں سے 2016-17 کے لیے 1446 اسکیمیں منظور کی گئی تھیں۔ ضلع لاہور کی شناخت کردہ 342 اسکیموں میں سے 336 منظور ہو چکی ہیں۔ ضلع قصور کی 867 میں سے 773 ، ضلع ننکانہ صاحب کی 146 میں سے 146 اور ضلع شیخوپورہ کی شناخت کردہ 191 میں سے 191منظور ہو چکی ہیں ۔ وزیراعظم گلوبل اہداف پروگرام کے تحت واسا کی 47،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے تحت 492، لیسکو کے تحت 265، گیس کی 2،ایل جی اینڈ سی جی 579، ہائی ویز کی 34، بلڈنگز 17، ٹیپا کی 59، یو ڈی ونگ کی 43، پی ایچ اے 3، گیپکو کے تحت 5 ترقیاتی اسکیموں پر کام جاری ہیں جن کی فزیکل پروگراس 53 فیصد ہے۔