این اے 120سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ، انتخابی مہم عروج پر

این اے 120سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ، انتخابی مہم عروج پر

لاہور(شہزاد ملک) صوبائی دارالحکومت کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120کو ملک بھر کی اہم سیاسی و مذہبی جماعتوں نے اپنے لئے آئندہ عام انتخابات سے قبل ایک ٹیسٹ کیس بنا لیا ہے اور اس ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والی ہر سیاسی و مذہبی جماعت کی یہ کوشش ہے کہ وہ اس حلقہ سے زیادہ سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے عام انتخابات میں اپنی اپنی جماعت کی پوزیشن کو مستحکم کر سکے اس وقت یہ حلقہ ملک بھر کی اہم سیاسی جماعتوں کا مرکز بنا ہوا ہے کہ جس میں ہر جماعت کی مرکزی لیڈر شپ بھی در پردہ اس حلقہ پر فوکس کئے ہوئے ہے اور عید کے بعد اس حلقہ کے اہم مقامات پر ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں جن میں مسلم لیگ (ن) ‘ پیپلز پارٹی‘ پی ٹی آئی ‘ جماعت اسلامی ‘ پیپلز پارٹی ورکرز اور ملی مسلم لیگ سمیت آزاد امیدواروں کی طرف سے بھی بڑے بڑے جلسے متوقع ہیں اس وقت اگر اس حلقہ کا تفصیلی دورہ کیا جائے تو ہر جماعت اور آزاد الیکشن لڑنے والوں کے حامیوں کی بڑی تعداد دن رات حلقہ میں ڈور ٹو ڈور مہم کرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے اور اس انتخابی مہم کے ساتھ ہی اس حلقہ میں روایتی تھڑوں کی سیاست بھی شروع ہو گئی ہے اس حلقہ میں مذہبی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد مساجد کے باہر کھڑے ہو کر نمازیوں سے اپنے اپنے امیدوار کے حق میں ووٹ مانگ رہے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی نے اپنے اپنے خواتین ونگز کو بھی فعال کرکے انہیں گلی محلوں کی سطح تک کی ڈیوٹیاں تفویض کردی ہیں۔ الیکشن آفس میں گہما گہمی اور کھابوں کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے اور ان دفاتر کے قریب واقع کھانے پینے کے ہوٹل والوں کی بھی چاندی ہو گئی ہے اور ان کی روز مرہ کی کمائی میں بھی غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے اس وقت اس حلقہ کے عوام پوری طرح سے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کے لئے مکمل طور پر چارج دکھائی دے رہے ہیں اور اس ضمنی الیکشن کی خاص بات ایک یہ بھی ہے کہ اس میں مختلف جماعتوں کی خواتین جماعتی اور آزاد بھی الیکشن لڑ رہی ہیں (ن) لیگ کی طرف سے بیگم کلثوم نواز ‘ پی ٹی آئی کی طرف سے ڈاکٹر یاسمین راشد ‘ پیپلز پارٹی ورکرز گروپ کی طرف سے ساجدہ میر اور ایک آزاد خاتون امیدوار روحی کھوکھر بھی میدان میں ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کی طرف سے ان کے سینئر جیالے فیصل میر الیکشن لڑ رہے ہیں اور نئی مذہبی سیاسی جماعت ملی مسلم لیگ کے شیخ محمد یعقوب بھی کافی ایکٹو دکھائی دے رہے ہیں اسی طرح سے جماعت اسلامی کے ضیاء الدین انصاری کی انتخابی مہم بھی زوروں پر ہے اور انہوں نے بھی پی ٹی آئی کے حق میں دستبردار ہونے کی خبروں کی تردید کردی ہے اور بھرپور انتخابی مہم چلا رہے ہیں ۔دوسری جانب مریم نواز بھی میدان میں آ گئی ہیں اور ان کے شوہر کیپٹن(ر) صفدر بھی اپنی ساس کی انتخابی مہم کے سلسلے میں یونین کونسل لیول پر کارنر میٹنگوں سے خطاب کررہے ہیں ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...