بھارت کو خطے کا تھانیدار بنانے کی سازش کامیاب نہیں ہو گی،شاہ اویس نورانی

بھارت کو خطے کا تھانیدار بنانے کی سازش کامیاب نہیں ہو گی،شاہ اویس نورانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی راہنما اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلی صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ بھارت کو خطے کا تھانیدار بنانے کی امریکی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔ بیرونی دشمن اندرونی خلفشار کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ بیرونی سازشوں کی مزاحمت کے لئے اندرونی اتحاد ناگزیر ہے۔ ٹرمپ کی جنونیت کی وجہ سے عالمی امن کا خواب بکھر رہا ہے۔ پاکستان کی وفا اور امریکہ کی جفا کی انتہا ہو گئی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو امریکی امداد سے کہیں زیادہ نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
افغانستان کے مسئلے کا حل پاکستان کے بغیر ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے 10 ستمبر کو ہونے والے جے یو پی کے مرکزی انتخابات کے انتظامات اور رابطوں کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ جے یو پی کے اراکین شوری آذادانہ ماحول میں اپنی نئی مرکزی قیادت کا انتخاب کریں گے۔ جے یو پی شاندار تاریخ رکھنے والی سیاسی جماعت ہے۔ جمعیت علماء پاکستان آئندہ الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔ مرکزی انتخابات کے بعد شوری کے اجلاس میں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ صاحبزادہ اویس نورانی کا کہنا تھا کہ امریکہ نے پاکستان کو عراق سمجھنے کی کوشش کی تو پچھتائے گا۔ پاکستان اور اسلام لازم و ملزوم ہیں۔ ملکی تاریخ کے نازک موڑ پر دانشمندانہ فیصلوں کی ضرورت ہے۔ سیاسی محاذ آرائی کی وجہ سے عوام میں سیاستدانوں کا امیج خراب ہو رہا ہے۔