حکومتی فیصلے رائیونڈ میں ہونا غیر قانونی ہے،صاحبزادہ حامد رضا
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکومتی فیصلے رائیونڈ میں ہونا غیر قانونی ہے۔ موجودہ نااہل حکومت کے دور میں غیر ملکی قرضے دو گنا ہو گئے ہیں۔ نواز شریف کی کرپشن کا دفاع کرنے والے قومی مجرم ہیں۔ نواز شریف نے کبھی مودی، ٹرمپ اور کل بھوشن کے خلاف زبان نہیں کھولی۔ پوری قوم امریکہ اور بھارت کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لئے اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ ن لیگ کے جعلی وکلا کنونشن میں ماورائے آئین عدالت لگائی گئی۔
۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سنی اتحاد کونسل کی منشور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ہمارے حکمران امریکی امداد کے بغیر رہنا سیکھ لیں تو ہم امریکی چنگل سے آذاد ہو سکتے ہیں۔ شریف خاندان نے ہر شعبے کو کرپٹ بنا دیا ہے۔ ہمارے بزدل حکمران نیٹو سپلائی روکنے کی جرات سے محروم ہیں۔ سعودی عرب نے امریکی دھمکیوں پر پاکستان کا ساتھ نہ دے کر پاکستانی قوم کو مایوس کیا ہے۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ ہماری حکومت چین، روس اور ایران کے ساتھ علاقائی اتحاد بنانے کی کوششیں تیز کرے۔ امریکی دھمکیوں اور الزام تراشیوں پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس نہ بلانا حکومت کی نااہلی ہے۔ شاہد خاقان عباسی کا سابق نااہل وزیر اعظم سے ہدایات لینا غیر آئینی ہے۔ پارلیمنٹ اپنی کارکردگی سے مضبوط ہوتی ہے۔ وزراء کے پارلیمنٹ میں نہ آنے سے پارلیمنٹ کمزور ہوتی ہے۔