پنجاب یونیورسٹی،’’کرپشن کے خلاف یکجا آواز،اخلاقی فریضہ‘ ‘کے موضوع پرسیمینار

پنجاب یونیورسٹی،’’کرپشن کے خلاف یکجا آواز،اخلاقی فریضہ‘ ‘کے موضوع ...

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار ساؤتھ ایشین سٹڈیز کے زیر اہتمام قومی احتساب بیورو(نیب) کے اشتراک سے ’کرپشن کے خلاف یکجا آواز،اخلاقی فریضہ‘ کے موضوع پرسنٹر کے آڈیٹوریم میں ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیاجس میں سنٹر کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عنبرین جاوید، ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب نرمل حسنی اور میجر (ر) غلام رسول ، ڈاکٹر عبد الماجد ، فیکلٹی ممبران اور ایم فل /پی ایچ ڈی سکالرز نے شرکت کی۔ ڈاکٹر عبد الماجدنے سیمینار کے ابتدائیہ خطاب میں کہا کہ کرپشن تمام برائیوں کی جڑ ہے۔ یہ والدین کا فرض ہے کہ بچوں کو سکھائیں کہ کرپشن سے کیسے بچا جائے اورہر فرد کو چاہیے کہ اپنے آپ کو کرپشن سے دور رکھے۔ نرمل حسنی ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب لاہور نے کہا کہ دہشت گردی کے بعد پاکستان کو جس بڑے مسئلے کا سامنا ہے وہ کرپشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن ایک ایسی سماجی برائی ہے جو ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

اور ہر شخص کو اس سے چھٹکارہ حاصل کرنے کیلئے اخلاقی، قومی اور مذہبی فریضہ ادا کرنا چاہئے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب میجر ریٹائرڈ غلام رسول نے کہا کہ ہمیں کرپشن سے نمٹنے کیلئے مذہب کی طرف لوٹنا ہوگا کیونکہ مذہب اخلاقیات اور دوسروں کے برابر حقوق کا درس دیتا ہے۔ اس سلسلے میں معاشرے کے سر کردہ افراد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ صرف تعلیم کرپشن سے چھٹکارہ نہیں دلا سکتی بلکہ معاشرے کو کرپشن جیسی برائیوں سے پاک کرنے کے لئے باقاعدہ تربیت کی ضرورت ہے۔ سیمینار کے اختتام پر سوال و جواب کی نشست منعقد کی گئی۔ بعد ازاں شرکاء کی جانب سے کرپشن کے خلاف آگاہی واک بھی نکالی گئی۔

مزید : میٹروپولیٹن 4

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...