17 لاکھ 35 ہزار 391 عازمین ارض مقدس پہنچ گئے، ڈی جی پاسپورٹ

17 لاکھ 35 ہزار 391 عازمین ارض مقدس پہنچ گئے، ڈی جی پاسپورٹ

جدہ (اے پی پی) سعودی عرب کے ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ بریگیڈئیر جنرل سلیمان الیحییٰ نے کہاہے کہ عازمین کی آمد کا پہلا مرحلہ تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔ اب تک 17 لاکھ 35 ہزار 391 عازمین ارض مقدس پہنچ چکے ہیں۔ فضائی سفر سے 16 لاکھ 31 ہزار 979، بری راستے سے 88 ہزار 585 اور سمندری راستے سے 14 ہزار 827 افراد ارض مقدس پہنچے ۔اس دوران جعل سازی کے 64 کیس ریکارڈ کئے گئے ہیں۔جدہ میں ایوان صنعت و تجارت میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ نے کہا کہ قانون پر عمل کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ملک کے دیگر شہروں میں مقیم غیر ملکی کارکنوں کو دوران حج مکہ مکرمہ اورمقامات مقدسہ جانے کیلئے 73ہزار 488 پرمٹ جاری کئے گئے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ آئندہ برس سے ڈیجیٹل پرمٹ جاری کئے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ پاسپورٹ کے کاؤنٹرز پر انسداد جعل سازی کے لئے 847 جدید ترین آلات نصب کئے گئے ہیں جن کے ذریعے پاسپورٹ ، ویزے اور دیگر دستاویزات کی جعل سازی کا فوری اور باریک بینی سے انکشاف کر سکتے ہیں۔ جعل سازی کے کیسوں میں ایسے افراد شامل تھے جنہوں نے پاسپورٹ پر تصویر تبدیل کی تھی یا دیگر ناموں سے حج ویزے پر مملکت میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ ایک ایسا کیس بھی سامنے آیا جسے 2007 میں مملکت سے ڈی پورٹ کیا گیا تھا۔

، وہ کسی اور نام سے حج ویزے پر مملکت میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ اب تک سلویٰ چیک پوسٹ سے 1340 قطری شہری مملکت میں داخل ہوئے جو حج کے ارادے سے آئے ہیں۔

مزید : عالمی منظر