ایران شام اور لبنان میں میزائل فیکٹریاں بنارہا ہے، اسرائیل کا الزام

ایران شام اور لبنان میں میزائل فیکٹریاں بنارہا ہے، اسرائیل کا الزام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


یروشلم(آن لائن)اسرائیل نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران شام اور لبنان میں میزائل تیار کرنے والی فیکٹریاں تعمیر کر رہا ہے۔اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نتین یاہو نے ایران پر الزام عائد کیا کہ وہ اسرائیل کو تباہ کرنے کے لیے شام کو اپنے عسکری اڈے میں تبدیل کر رہا ہے۔شام میں جاری جنگ میں صدر بشار الاسد کو ایرانی افواج اور لبنان کی تنظیم حزب اللہ کی حمایت حاصل ہے۔اسرائیل کے وزیراعظم کی جانب سے یہ بیان اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس ملاقات کے بعد سامنے آیا۔یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے سربراہ رواں سال اپنا عہدہ سنھبالنے کے بعد مشرق وسطی کا پہلا دورہ کر رہے ہیں۔گو کہ اسرائیلی وزیراعظم نے میزائل تیار کرنے والی ایرانی سائٹس کی تفصیلات نہیں بتائیں لیکن اْنھوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل ایران کے ان اقدامات کو ہر گز تسلیم نہیں کرے گا۔دو ہفتے قبل سٹیلائٹ سے تصاویر لینے والی اسرائیلی کمپنی امیج سیٹ انٹرنیشنل نے کچھ تصاویر شائع کیں تھیں جس سے شام میں حزب اختلاف کی حمایت کرنے والے اخبار میں شائع ہونے والی خبر کی تصدیق ہو گئی ہے۔اخبار کے مطابق شام میں ایرانیوں کی زیر نگرانی میزائل بنانے والی فیکٹری تعمیر ہو رہی ہے۔امیج سیٹ کا کہنا ہے کہ بحیرہ روم کے ساحلی قصبے بانیاس کے قریب وادی جہانم میں تعمیر ہونے والی فیکٹری تہران کی میزائل فیکٹری سے مماثلت رکھتی ہے۔اسرائیل کے اس بیان کے بعد ایران کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔اسرائیل کے وزیراعظم نے سیکریٹری جنرل پر زور دیا کہ لبنان میں اقوام متحدہ کے امن دستے حزب اللہ کو اسلحے کی ذخیرہ اندوزی سے روکنے میں ناکام رہے ہیں۔مسٹر گوتیرس نے وعدہ کیا کہ وہ پوری کوشش کریں گے کہ اقوام متحدہ کے امن فورس کے دستے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔انھوں نے کہا کہ 'میں اسرائیل کی سکیورٹی کو لاحق خدشات کو سمجھ سکتا ہوں اور میں یہ دوہرانا چاہتا ہوں کہ اسرائیل کو تباہ کرنے کا منصوبہ یا ارادہ کسی صورت بھی قابلِ قبول نہیں ہے۔اس سے پہلے اسرائیل کے صدر نے بھی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات میں 'اسرائیل کے خلاف امتیازی سلوک ختم کرنے کے لیے' اقدامات کرنے کو کہا تھا۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس مشرقِ وسطی کے دورے کے دوران فلسطین اتھارٹی کے وزیر رامی حمداللہ سے ملاقات کریں گے اور وہ بدھ کو غزہ بھی جائیں گے۔

مزید :

عالمی منظر -