سربراہ جے آئی ٹی واجد ضیاء بطور گواہ نیب راولپنڈی میں پیش ، بیان ریکارڈ کرا دیا ، آج نیب لاہور پیش ہونگے
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں ) پاناما کیس فیصلے پر عملدرآمد کیلئے نیب کی تحقیقات جاری ہیں،جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا کا نیب راولپنڈی میں بیان ریکارڈ کر لیا گیا ہے جبکہ وہ آج بدھ کو لاہور نیب کے سامنے پیش ہونگے۔تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے بیانات قلمبند کرنے کا سلسلہ جاری ہے ، گزشتہ روزسربراہ جے آئی ٹی واجد ضیا گواہ کی حیثیت سے نیب راولپنڈی کے سامنے پیش ہو ئے اور نیب سیکشن 161کے تحت اپنا بیان قلمبند کرایا۔نیب نے واجد ضیا کو سوالنامہ بھی بھیجا تھا جس کا جواب بھی انہوں نے جمع کرا دیا۔ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی سربراہ نے نواز شریف اور اہلخانہ سے تفتیش کی تائید کردی۔ذرائع کے مطابق شریف خاندان کیخلاف ریفرنسز میں دیگر جے آئی ٹی ممبران کے بیانات کی ضرورت نہیں تاہم جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا آج نیب لاہور میں بھی پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرائیں گے۔نیب ذرائع کے مطابق واجد ضیا نے مختلف اداروں سے حاصل شواہد کی بھی تصدیق کی، جے آئی ٹی سربراہ کی تصدیق کے بعد شریف خاندان کے جے آئی ٹی کو دئیے گئے بیانات کو ریفرنسز کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔ نیب نے جے آئی ٹی سربراہ کا تقریبا دو گھنٹے تک بیان ریکارڈ کیا۔ادھرشریف خاندان اور اسحاق ڈار کیخلاف نیب ریفرنسز میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کے 2ارکان بیان ریکارڈ کرانے کیلئے آج 30اگست کو طلب کر لئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نیب انوسٹی گیشن ٹیم جے آئی ٹی ممبران کے بیانات بطور سرکاری گواہ ریکارڈ کرے گی۔ جے آئی ٹی ممبران کے بیانات نگران جج جسٹس اعجاز الاحسن کی اجازت کے بعد ریکارڈ کئے جا رہے ہیں۔ سپریم کورٹ نے شریف فیملی کیخلاف تین جبکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف ایک ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا تھا۔