مناسک حج کی ادائیگی شروع ، عازمین آج منٰی پہنچیں گے

مناسک حج کی ادائیگی شروع ، عازمین آج منٰی پہنچیں گے

مکہ مکرمہ (ڈویلپمنٹ سیل)مناسک حج کی ادائیگی آج سے شروع ہوگی، عازمین حج نماز فجر کی ادائیگی کے بعدلبیک اللھم لبیک کی صداؤں کی گونج میںآج مکہ مکرمہ سے منٰی پہنچیں گے ۔عازمین حج منی پہنچنے پر پورادن ایمان افروزاورروح پرورماحول میں ذکرواذکاراورعبادات میں مصروف رہیں گے ،ظہر ،عصر ،مغرب اورعشاکی نمازوہیں اداکریں گے وہ منی میں رات قیام اورنماز فجر کی ادائیگی کے بعدسب سے بڑے رکن وقوف عرفہ کے لئے روانہ ہوں گے اور9ذوالحجہ(جمعرات)کووقوف عرفہ کااہم ترین رکن حج اداکرنے کے بعد سورج غروب ہوتے ہی مزدلفہ کے لئے روانہ ہوجائینگے ،جہاں وہ کھلے آسمان تلے صبح تک قیام کریں گے وہاں سے کنکریاں لے کر رمی کے لئے منی جمرات آجائیں گے ۔شیطان کوکنکریاں مارنے کے بعدقربانی کریں گے اورسرمنڈواکراحرام کھول دیں گے ۔تفصیلات کے مطابق دنیابھرسے 30لاکھ فرزندان اسلام حج کی سعادت حاصل کریں گے ۔سعودی عرب کے ڈپٹی وزیراعظم شہزادہ محمدبن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود،سعودی وزیرداخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعودبن نائف بن عبدالعزیزآل سعود اورمرکزی حج کمیٹی کے سربراہ گورنرمکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل بن عبدالعزیزآ ل سعود خودتمام عازمین حج کی منی روانگی کی مانیٹرنگ کریں گے ۔سعودی وزرات داخلہ کے ایک اعلی عہدیدارنے صحافیوں کوبتایاکہ مکہ مکرمہ ،مشاعر مقدسہ ،منی ،عرفات اورمزدلفہ میں تمام حجاج کرام کوہرقسم کی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے تمام متعلقہ اداروں کوتاکید کردی گئی ہے ۔سعودی وزرات صحت نے مشاعرمقدسہ میں عازمین حج کی خدمت کے لئے 175چھوٹی ایمبولینسیں مہیاکی ہیں۔50سے زائد ہیلی کاپٹر مشاعرمقدسہ میں حجاج کرام کوطبی خدمات فراہم کریں گے ۔حج انتظامیہ نے حجاج کرام کی نگرانی کے لئے منی میں450سے زائد کیمرے نصب کئے ہیں۔ ہیں،گورنرمکہ مکرمہ وسربراہ مرکزی حج کمیٹی شہزادہ خالدالفیصل بن عبدالعزیزآل سعودنے کہاہے کہ ہم حجاج کرام کی خدمت کرنے والے تمام اداروں کی خدمت کی مساعی کوقدرومنزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،انہوں نے انتباہ کیاکہ حج قوانین توڑنے والوں کوخمیازہ بھگتنا پڑے گا۔سعودی وزیرداخلہ شہزادہ عبدالعزیزبن سعودنائف بن عبدالعزیزنے واضع کیاہے کہ حج سیاسی جھگڑوں اورفرقہ وارانہ تفرقوں کااکھاڑہ نہیں،حج کی فضابگاڑنے کی ہرکوشش ناکام بنادی جائے گی ۔مکہ مکرمہ کی بلدیہ العاصم المقدسہ کے مئیرڈاکٹر اسامہ الباراوران کے سیکرٹری الشیخ منصوراحمدعجاج نے صحافیوں کوبتایاکہ حج کے دوران شہرکوصاف ستھرارکھنے کے لئے بیس ہزارسے زائدکارکن تعینات کردئیے ہیں، ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے 200ایمبولینس گاڑیاں مختص کردی گئی ہیں، مکہ مکرمہ ریجن کے معاون ڈائریکٹربرائے امورحج بریگیڈئرمحمدبن عبداللہ الشہری نے صحافیوں کوبتایاکہ غیر قانونی طورپرحج اجازت ناموں کے بغیر عازمین حج کومنتقل کرنے والوں کے خلاف ایک لاکھ ریال جرمانہ اور2برس تک کی قید سزادی جائے گی جبکہ غیر ملکی مقیم عازمین کوجن کے پاس اجازت نامہ نہیں ہوگا،ان کے فنگرپرنٹس لیکرانہیں ڈیپورٹ کردیاجائے گا۔سیکرٹری بلدیات ودیہی اموروسربراہ مشاعرمقدسہ منصوبہ جات ڈاکٹر حبیب زین العابدین نے کہاہے کہ مشاعرمقدسہ ٹرین سے لاکھوں حجاج کرام مستفید ہوں گے ۔دریں اثناممتاز مفکراسلام عالمی مبلغ اسلام انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے مرکزی امیراورجنوب ایشیاحج کا رپوریشن کے مشیرخاص علامہ ڈاکٹر سعید احمدعنایت اللہ مکی نے حجاج کرام سے التماس کی ہے کہ وہ حشیت الہی کواپنا شعاربنائیں اورنیکی کے کاموں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں اورجوچیزوہ اپنے لئے پسند کریں دوسرے کے لیے بھی وہی پسندکریں اورباہم امر بالمعروف ونہی عن المنکرکے فریضہ کوانجام دیں۔انہوں نے کہاہے کہ حجاج کرام کے لئے ضروری ہے کہ وہ اخلاق حسنہ کواپنائیں اورفسق وفجورسے اجتناب کریں لہذا حجاج کرام کوچاہیے کہ وہ گالی گلوچ ،ایذا رسانی ،نعرہ بازی اورجلسے جلوس سے مکمل طورپرگریزکریں اورتمام اعمال حج کونہایت ہی اخلاص واطمینان کے ساتھ ذکرودعامیں اداکرنے کی کوشش کریں اورنیک اعمال کی طرف سبقت کرتے ہوئے نماز ،تلاوت قرآن ،تسبیح وتمحید ،استغفاراوردرودشریف کی کثرت کریں۔انہوں نے دعاکی کہ اللہ رب العزت حجاج کرام کی خدمت کے سلسلے میں مملکت سعودی عرب کی تمام تر خدمات کو شرف قبولیت عطافرمائے اورحجاج کرام کی خدمت میں شریک ہر فرد کو اس کی انتھک کوششوں کابہترین بدلہ عطا فرمائے ۔12ذوالحجہ کومغرب سے قبل تمام حاجیوں کے لئے لازم ہے کہ وہ مسجدحرام پہنچ کرطواف زیارت کریں اوراس کے ساتھ ہی مناسک حج مکمل ہوجائیں گے ۔

حج

مزید : صفحہ اول