قومی اسمبلی میں امریکی صدرٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان پر بحث آج ہوگی

قومی اسمبلی میں امریکی صدرٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان پر بحث آج ہوگی

اسلام آباد (این این آئی) قومی اسمبلی کا اجلاس دو دن جاری رکھا جائے گا جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان سے متعلق بیان پر بحث کی جائیگی۔ یہ فیصلہ منگل کو ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کی،گزشتہ روزاسمبلی کے اجلاس کی کارروائی میں رکن قومی اسمبلی گلزار خان کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کروانے کے بعد اجلاس آج تک ملتوی کر دیا۔ آج بدھ کو امریکی صدر کی افغان پالیسی اور پاکستان کے حوالے سے دیئے گئے بیانات پر ایوان میں تفصیلی بحث کی جائے گی۔ ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں شیخ آفتاب احمد ، وزیر برائے پارلیمانی امور، سید نوید قمر ، ڈاکٹرشیریں مہر النساہ مزاری، اقبال محمد علی خان ، شیخ صلاح الدین، ناصر خان ، صاحبزادہ طارق اللہ خان نے شرکت کی۔ بعد ازاں سپیکر سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کے رواں اجلاس کیلئے جسٹس (ر) افتخار چیمہ، محمود بشیر ورک، قیصر احمد شیخ، شفقت محمود، سید مصطفی شاہ اور شیخ صلاح الدین پر مشتمل پینل آف چیئرمین کا اعلان کیا ہے جو اجلاس کے دوران سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کی ایوان میں عدم موجودگی کی صورت میں اجلاس کی صدارت کریں گے ۔

ٹرمپ بیان بحث

مزید : کراچی صفحہ اول