عید خریداری‘ تنخواہیں ملتے ہی سرکاری ملازمین نے بازاروں کا رخ کر لیا
ملتان(جنرل رپورٹر)سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی شروع ہوتے ہی بازاروں ‘مارکیٹوں‘ پلازوں میں عید الاضحی کی خریداری کے لئے رش لگ گیا ہے۔ خواتین ‘بچے ‘مرد‘ بوڑھے (بقیہ نمبر12صفحہ12پر )
سب خریداری کے لئے امڈ آئے ہیں۔ خریداروں کا رش دیکھتے ہوئے دکانداروں نے بھی ریڈی میڈ گارمنٹس‘ لان کے سوٹوں‘ جوتوں‘ جیولری ‘ مردانہ کاٹن ‘ مہندی اور دیگر اشیاء کی قیمتوں کے نرخوں میں کئی گنا اضافہ کردیا ہے جس کی وجہ سے مڈل کلاس طبقہ عید کی خریداری سے محروم ہوگیا ہے ۔ شہریوں کی بڑی تعداد بازاروں میں لگی ہوئی سیل کا رخ کررہی ہے مگر غیر معیاری اشیاء کی لگائی جانے والی سیل بھی عام طبقہ کی پہنچ سے کوسوں دور ہے ۔ خواتین کے لئے سب سے سستی چوڑیاں اور مہندی کے نرخ بھی آسمان پر پہنچ گئے ہیں ۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ عید تہواروں کے لئے کرسمس بازار کی طرح عید بازار بھی لگائے جائیں جس میں غریبوں کے لئے سستے کپڑے‘ جوتے‘ جیولری اور دیگر اشیاء رکھی جائیں تاکہ غریب اور متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد بھی عید پر نئے کپڑے جوتے پہن سکیں ۔